برلن (ہمگام نیوز ) جرمنی کا کہنا ہے یوکرین کے لیے فوجی امداد سے متعلق ایک کانفرنس کی ریکارڈنگ روس تک پہنچنے کے معاملے کی چھان بین کی جا رہی ہے۔
چانسلر اولاف شولز نے اسے انتہائی سنگین قرار دیا، جو ہفتے کے روز ویٹیکن کے دورے پر تھے۔
کانفرنس کی 38 منٹ کی آڈیو جمعہ کے روز روسی سرکاری ٹیلی ویژن RT کے ایڈیٹر اِنچیف نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی۔
کہا جا رہا ہے کہ یہ کانفرنس طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی ممکنہ فراہمی کے بارے میں تھی جن کی یوکرین کو ملنے کی امید ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ جرمن فضائیہ کے سربراہ اِنگو جیرہارٹز سمیت شرکاء نے اس بات پر تبادلۂ خیال کیا تھا کہ جرمن فوج کی مدد کے بغیر آیا یوکرینی انہیں چلا سکتے ہیں۔
جرمن وزارت دفاع کے ایک ترجمان نے ہفتے کے روز ذرائع ابلاغ کے سامنے اعتراف کیا کہ ایسی کانفرنس ہوئی تھی اور ممکن ہے کہ اس گفتگو کو ریکارڈ کیا گیا ہو۔
ترجمان نے آڈیو کی صداقت پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق یہ کانفرنس فروری میں آن لائن منعقد ہوئی تھی لیکن روسی مداخلت کے بارے میں یا پھر جاسوسی میں کون ملوث ہو سکتا ہے، اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔