یکشنبه, دسمبر 22, 2024
Homeخبریںیکم مئی انسانی ترقی اور تمدن کی تاریخی بنیاد ہے: بی ایس...

یکم مئی انسانی ترقی اور تمدن کی تاریخی بنیاد ہے: بی ایس او آزاد

 

کوئٹہ (ہمگام نیوز) بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے مرکزی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یکم مئی انسانی ترقی اور تمدن کی تاریخی بنیاد اور محنت اور جدوجہد سے بھرپور استعارے کا دن ہے۔یکم مئی جدوجہد اور قربانیوں کی علامت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا کیونکہ اس دن سرمایہ داری نظام کے جابرانہ پالیسیوں کے خلاف لاکھوں کی تعداد میں مزدوروں نے کام کے اوقات میں کمی کا مطالبے کے لئے احتجاج کیا۔تشدد،پھانسی اور شہادت قبول کرتے ہوئے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ترجمان نے یکم مئی کے تاریخی پس منظر بیان کرتے ہوئے مذید کہا کہ اکتوبر 1884 میں ’’فیڈریشن آف ٹریڈ یونین‘‘ نے ایک قرارداد منظور کی جس میں کہا گیا کہ اگر یکم مئی 1886 تک اوقات کار آٹھ گھنٹے نہ کیے گئے تو مزدور کام بند کردیں گے۔ اس اعلان کے بعد ایک طرف مزدوروں کی جدوجہد میں تیزی آئی تو دوسری جانب حکومت کے جبر و تشدد میں بھی اضافہ ہوتا چلاگیا۔1885 کو شگاکو اور امریکہ کے دیگر شہروں میں ڈھائی لاکھ مزدوروں نے آٹھ گھنٹے کام کا مطالبہ کیا۔یکم مئی 1886 کو امریکہ کے تین لاکھ مزدور اس احتجاج میں شریک ہوئے۔شگاکو میں چالیس ہزار مزدوروں نے ہڑتالیں شروع کیں جنہیں منتشر کرنے کے لئے پولیس نے دھاوا بول دیا، پرتشدد ہنگامے شروع ہوئے اور کئی مزدور شہید کئے گئے۔چار مئی کو تین ہزار مزدوروں جن میں بچے اور خواتین بھی شریک تھے شگاکو کی سڑکوں میں اپنے حقوق کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے دھاوا بول کر پچاس مظاہرین کو شہید اور متعدد کو زخمی کردیااور کئی رہنماؤں کو گرفتار کرکے پھانسی پہ چڑھادیا۔شگاکو کے رہنماؤں نے اس واقعے کو دہشت گردی سے جوڑنے کی ناکام کوشش کی لیکن انکی یہ کوششیں رائیگاں ہوئی اور مزدوروں کو اپنے مقصد میں کامیابی حاصل ہوئی۔ یکم مئی 1889 کو محنت کشوں کی عالمی تنظیم نے اس دن کو یوم مزدور کی مناسبت سے منانے کا اعلان کیا اوریکم مئی 1890 کو اس دن کو عالمی سطح پہ بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔ترجمان نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ یوم مئی قربانیوں اور اتحاد کا حسین امتزاج ہے جس دن مزدوروں نے اپنے حقوق کی خاطر ہر طرح کی تکلیفیں برداشت کی اور آج بھی بلوچستان کے مزدور اسی صورتحال کا سامنا کررہے ہیں۔بلوچستان کے عام محنت کش اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی غلامی اور اپنے اوپر ہونے والے مظالم کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز