8 ستمبر کو بلیدہ سے تربت ایک ریلی کا انعقاد کیا جائے گا: انسداد منشیات کمیٹی
بلیدہ (ہمگام نیوز) آپ حضرات بخوبی باخبر ہونگے کہ انسداد منشیات کمیٹی بلیدہ پچھلے ڈھائی مہینوں سے بلیدہ زامران سمیت پورے بلوچستان کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے ایک بھر پور جدو جہد کا آغاز کر چکی ہے۔
الحمد للّٰہ بلیدہ زامران کے عوام کی بھر پور جدوجہد اور ہزاروں ماؤں اور بہنوں کی دعاؤں کی بدولت تحریک انتہائی تیزی سے اپنے اہداف حاصل کر رہی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ اب وہ دن دور نہیں جب ہم منشیات سے پاک بلیدہ کے جشن منائیں گے۔
بلیدہ کے پیر و کماش، اساتذہ و طلبہ، مزدور و ڈاکٹرز، کسان و کاروباری حضرات ، غرض زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی محنت اور بے مثال قربانیوں اور ثابت قدمی کی بدولت الحمدللّٰہ اب اس تحریک کے اثرات پورے مکران میں بالخصوص اور بالعموم پورے بلوچستان میں محسوس ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ اب دشت سے اس ناسور کے خلاف آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں، پنجگور جاگ گیا ہے، ڈھنک کمر بستہ ہوکر میدان عمل میں کُود پڑا ہے، ڈگاری کہن کے لوگ منشیات کے خاتمے کا تہیہ کر چکے ہیں، پروم کے لوگ اپنا فیصلہ سُنا چکے ہیں اور پسنی و گوادر بھی اس کارواں کا حصہ بن چکے ہیں۔
اب وہ دن دور نہیں کہ بلوچستان کے کونے کونے سے اس وبا کے خلاف آوازیں بلند ہونا شروع ہو جائینگی اور منشیات کے کالے دھندے میں ملوث لوگوں کو معاشرے میں رہنے کے لیے کوئی جگہ باقی نہیں رہے گا، ہر محلے ہر چوک ہر چورائے اور ہر گلی سے ان کے لیے دھتکار اور ناپسندیدگی جیسے جزبات کا اظہار ہوگا۔
انسداد منشیات کمیٹی بلیدہ یہ سمجھتی ہیکہ صرف بلیدہ زامران میں منشیات کے دھندے کی بیخ کنی سے ہمارا کام مکمل نہیں ہوگا بلکہ ہماری خواہش ہے کہ پورے بلوچستان سے اس وبا کا خاتمہ ہو۔ بلیدہ کے عوام اس عظیم مقصد کے حصول کے لیے ہر سطح تک جانے کا تہیہ کر چکے ہیں اور یہ امید رکھتے ہیں کہ اس عظیم انسانی کاز کو آگے لے جانے کے لیے بلوچستان کا ہر بچہ، جوان و بزر ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے تاکہ بلوچستان کا ہر بچہ اس بیماری سے محفوظ ہو، ہر ماں اپنے لخت جگر کو سسک سسک کر مرتے نہ دیکھے، ہر والد اپنے بڑھاپے کے سہارے کو خود پر اور معاشرے پر بوجھ بنتا نہ دیکھے، ہر بہن اپنے بھائی کو اپنا سہارا سمجھے اور دیکھے۔
ہم چاہتے ہیں کہ ہم اپنے پچھلے ڈھائی تین مہینوں کے تجربات کو بلوچستان اور خاص کر مکران کے عوام کے ساتھ شیئر کریں اور ان تجربات کی روشنی میں ہم نے جو کامیابیاں سمیٹی ہیں انہیں اپنے بھائیوں کے سامنے رکھ کر اس عظیم مشن میں بلوچستان بھر کے عوام اور خاص کر مکران کے درد دل رکھنے والے لوگوں کے ساتھ مل کر منزل مقصود کی جانب چلنے کے لیے راہیں استوار کریں۔
انسداد منشیات کمیٹی نے بلیدہ زامران کے تمام ذیلی کمیٹیوں کی متفقہ مشورے سے 8 ستمبر بروز منگل بلیدہ سے تربت ایک ریلی کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جو تربت پہنچ کر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا بلوچستان کے عوام اور مقتدرہ قوتوں تک عوامی امنگوں اور جزبات کی ترجمانی کا فریضہ انجام دے گی۔
ہم بلیدہ زامران سمیت پورے مکران کے غیور عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس ریلی میں شرکت کرکے منشیات کی وبا کے خلاف اس عوامی ریفرنڈم میں اپنا حصہ ڈالیں اور منشیات کی وبا کے خلاف اٹھنے والی تحریک کو توانائی بخشنے کا سبب بنیں۔