دوشنبه, جنوري 20, 2025
Homeخبریں‏لیاری واقعے کے خلاف بلوچستان بھر میں “دفاعِ بلوچ اقدار” کے نام...

‏لیاری واقعے کے خلاف بلوچستان بھر میں “دفاعِ بلوچ اقدار” کے نام سے احتجاج کیا جائے گا۔ BYC

کراچی (ہمگام نیوز)احتجاج اور دالبندین قومی اجتماع کے لیے آگاہی مہمات مشترکہ طور پر منعقد کی جائیں گی۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز لیاری میں دالبندین قومی اجتماع کے لیے جاری آگاہی مہم کے سلسلے میں ایک پُرامن عوامی اجتماع منعقد کیا گیا، لیکن حسبِ روایت ریاستِ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے پُرامن اجتماع پر دھاوا بول کر بلوچ خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی رہنما لالا وہاب بلوچ، سمی دین بلوچ سمیت ہمارے متعدد ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بلوچ خواتین کو چھ سے سات گھنٹے حبسِ بے جا میں رکھنے اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد رہا کر دیا گیا، لیکن لالا وہاب بلوچ سمیت دیگر ساتھیوں کے بارے میں تاحال کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔

لیاری عوامی اجتماع پر ریاستِ پاکستان اور پیپلز پارٹی حکومت کا حملہ بلوچ قوم کے خلاف نفرت کا اظہار اور بلوچ خواتین کے چادروں پر ہاتھ ڈالنا بلوچ قومی اقدار پر براہِ راست حملہ ہے۔ بلوچ قوم ریاستِ پاکستان اور پیپلز پارٹی کی ایسی وحشیانہ کارروائیوں اور بربریت کو اپنی قومی یادداشت میں محفوظ رکھے گی اور اس کو اپنے قومی شعور کا حصہ بناتے ہوئے ایک عظیم قومی مزاحمت میں تبدیل کرے گی۔ بلوچ خواتین اور بزرگ لاوارث نہیں ہیں بلکہ ان کے پیچھے پوری بلوچ قوم کھڑی ہے۔ بلوچ قوم گزشتہ 77 سالوں سے ایسی بربریت اور ظلم کے خلاف مزاحمت کرتی آ رہی ہے اور ایسے گھناؤنے اعمال ہماری قومی مزاحمتی تحریک کو مزید منظم اور مضبوط کریں گے۔

ریاستِ پاکستان بلوچ نسل کشی کی یادگاری دن کے موقع پر دالبندین میں ہونے والے بلوچ قومی اجتماع کو ناکام بنانے کے لیے اپنی تمام تر طاقت اور تشدد کا استعمال کر رہی ہے۔ کل لیاری واقعے کے علاوہ مستونگ اور نصیر آباد میں پُرامن عوامی اجتماعات کے انعقاد پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ، مرکزی رہنما صبغت اللہ شاہ جی اور دیگر ساتھیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہیں، اور ہر علاقے میں پروگرام کو ناکام بنانے کے لیے انٹرنیٹ سروسز بند کی جا رہی ہیں اور رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ لیکن ریاست کے یہ تمام پرتشدد حربے اور سازشیں ہر قدم پر ناکام ہو رہی ہیں۔

کل لیاری میں ہونے والا واقعہ ریاستی دہشتگردی اور درندگی کا مظاہرہ تھا۔ اس دہشتگردی اور درندگی کے خلاف بلوچ یکجہتی کمیٹی کل بروز پیر سے بلوچستان بھر میں “دفاعِ بلوچ اقدار” کے نام سے احتجاج کا سلسلہ شروع کرے گی۔ دالبندین قومی اجتماع کے لیے جاری آگاہی مہم اور احتجاج مشترکہ طور پر پورے بلوچستان میں منعقد کیے جائیں گے۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے کارکنان اور بلوچ قوم دالبندین قومی اجتماع کی تیاریوں کے سلسلے میں اپنی سرگرمیوں کو مزید تیز کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز