دوشنبه, اپریل 21, 2025
Homeخبریںگوادر پک اپ یونین کا کوسٹ گارڈز کی زیادتیوں کے خلاف کوسٹل...

گوادر پک اپ یونین کا کوسٹ گارڈز کی زیادتیوں کے خلاف کوسٹل ہائی وے پر دھرنا جاری شاہراہ بلاک کردیا

گوادر ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے علاقہ گوادر میں کوسٹل ہائی وے کو پک اپ یونین نے دھرنا دے کر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔

احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ کوسٹ گارڈز بلا وجہ ان کی گاڑیاں روک کر پکڑ رہے ہیں۔

پک اپ یونین کے نمائندوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرامن طریقے سے روزگار کر رہے ہیں، لیکن کوسٹ گارڈز کی جانب سے مسلسل مداخلت نے ان کا معاشی قتل کر دیا ہے۔ ہم پہلے ہی قرض میں ڈوبے ہوئے ہیں، اوپر سے ہماری گاڑیوں کو پکڑ کر ہمیں مزید تباہ کیا جا رہا ہے۔

پک اپ یونین کا کہنا ہے کہ کوسٹ گارڈ نے رات کے اندھیرے میں مقامی پیک اپ گاڑیوں کو بغیر نوٹس یا کسی وجہ کے تحویل میں لے لیا یے۔

یونین کے مطابق، ان گاڑیوں میں بلوچستان حکومت کی باقاعدہ اجازت سے 600 بوٹوں پر مشتمل قانونی ڈیزل موجود تھا، جو طے شدہ اور جائز راستے سے اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھے۔

یونین نمائندوں کا کہنا ہے کہ ہم نے کوسٹ گارڈ کے کرنل زین العابدین سے ملاقات کی۔ کرنل نے انصاف کی یقین دہانی کروائی اور وعدہ کیا کہ گاڑیاں اور ڈیزل واپس کیا جائے گا، مگر صرف خالی گاڑیاں واپس کی گئیں اور قیمتی ڈیزل ضبط کر لیا گیا۔ یونین نے اس اقدام کو غریب عوام کے ساتھ سنگین ناانصافی قرار دیا۔

ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ وہ ادھار لے کر تیل لوڈ کرتے ہیں، کئی خطرات مول لے کر سفر کرتے ہیں، اور دن رات کی محنت کے بعد بمشکل کچھ ہزار روپے کماتے ہیں۔ ایسے میں اگر سرکاری ادارے ان کے روزگار پر ڈاکا ڈالیں تو یہ غریب کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف ہے۔

یونین نے کل الٹی میٹم دیا تھا کہ اگر آج رات تک ڈیزل واپس نہ کیا گیا تو کل صبح 11 بجے غیر معینہ مدت کے لیے دھرنا دیا جائے گا۔ عوام اور ٹرانسپورٹر برادری سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

احتجاج کے باعث ٹریفک مکمل طور پر معطل ہو چکی ہے اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز