نئی دہلی (ہمگام نیوز) بھارت اور پاکستان کے بیچ کشیدگی دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔ تازہ پیش رفت میں بھارت نے پاکستان کے چار فوجی اڈوں پر میزائل حملہ کر دیا ہے۔ در اصل اس سے قبل پاکستان نے بھارت پر بڑے پیمانے پر ڈرون حملہ کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران جموں و کشمیر کے بارہمولہ سے گجرات کے بھوج تک بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول کے ساتھ 26 مقامات پر ڈرون دیکھے گئے۔ ہندوستانی فضائی دفاعی نظام نے زیادہ تر ڈرون کو مار گرایا۔ اس کے بعد بھارت نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کے فوجی تنصیبات کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔ راولپنڈی کے نور خان فوجی اڈے، چکوال کے مرید فوجی اڈے اور شورکوٹ کے رفیقی فضائی اڈے میزائل حملوں کی خبر ہے جس سے صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے۔
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، وہیں پاکستانی فوج کا دعویٰ ہے کہ بھارت نے بیلسٹک میزائل فائر کیے۔ پاکستانی فوج کے ترجمان نے بھی تازہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نے جوابی کارروائی شروع کر دی ہے۔