پہرہ،تربت ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے علاقہ پہرہ سے رپورٹ کے مطابق، گزشتہ رات کو (پہرہ) ایرانشہر کے علاقے کلاہدوز اور نیروگاہ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ایک بلوچ شہری پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
جانبحق ہونے والے شہری کی شناخت وحید قلندرزهی ولد حبیب کے نام سے ہوئی ہے جو کہ اصالتاً خاش کا رہائشی جبکہ ایرانشہر میں مقیم تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق، وحید قلندرزهی اہل خانہ کے ہمراہ گھر سے نکلنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اسی دوران ایک گاڑی میں سوار مسلح افراد نے اس کا تعاقب کیا۔ جب اس کی گاڑی سڑک سے ہٹ گئی تو حملہ آوروں نے قریب آ کر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر ہی جان سے گیا۔
ابھی تک حملہ آوروں کی شناخت اور ان کے مقاصد کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس واقعے سے محض دو ہفتے قبل، وحید کا بھائی جو بجلی کے محکمے میں ملازم تھا، ایرانشہر میں بجلی کے کھمبے کی تنصیب کے دوران حادثے میں جان کی بازی ہار چکا تھا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں خاش میں عمرزهی اور قلندرزهی قبائل کے درمیان ہونے والی خونریز جھڑپوں کے تناظر میں اس حملے کو مزید کشیدگی پھیلانے کی کوشش سمجھا جا رہا ہے۔ تاہم، عمرزهی قبیلے کے افراد نے اس حملے میں کسی بھی قسم کی مداخلت سے صریح انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جھگڑوں کے جاری رہنے کے خلاف ہیں۔
یاد رہے کہ صرف سال ۲۰۲۴ سے اب تک کم از کم ۴۶۹ بلوچ شہریوں پر نامعلوم مسلح افراد نے حملے کیے، جن میں ۲۸۴ افراد ہلاک اور ۱۸۵ زخمی ہوئے۔ ان میں ۴۷ خواتین اور بچے بھی شامل تھے، جن میں ۱۷ بچے اور ۹ خواتین جاں بحق جبکہ ۱۴ بچے اور ۷ خواتین زخمی ہوئیں۔
دریں اثناء مقبوضہ بلوچستان کے علاقہ تربت بلیدہ کوچہ گلی سے بوہیر ولد دلجان نامی نوجوان کی لاش برامد ہوا ہے ،جس کو کل شام گھر سے نامعلوم افراد نےاسلح کے زور پر اغوا کیاتھا ۔


