یکشنبه, مارچ 8, 2026
Homeخبریںقلات سرمچاروں کی کارروائی کے بعد پاکستانی فورسز کا سرچ آپریشن، چادر...

قلات سرمچاروں کی کارروائی کے بعد پاکستانی فورسز کا سرچ آپریشن، چادر و چاردیواری کی پامالی اور عوام کو ہراساں کرنے کی اطلاعات

قلات (ہمگام نیوز) بلوچستان کے ضلع قلات میں گزشتہ رات بلوچ سرمچاروں کی جانب سے مبینہ کارروائی کے بعد قابض پاکستانی فورسز نے آج صبح سے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق اس آپریشن کے دوران عام شہریوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے جبکہ گھروں پر چڑھائی اور چادر و چاردیواری کے تقدس کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ فورسز نے متعدد گھروں پر دھاوا بولتے ہوئے خواتین اور بچوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کیا۔ علاقے میں نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے اور مقامی آبادی کو ان کے گھروں میں محصور کر دیا گیا ہے۔ کئی مقامات پر گھروں کی تلاشی کے دوران لوگوں کو زد و کوب کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

مزید یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ بلوچ مزاحمتی سرمچار تاحال علاقے میں موجود ہیں اور ان کی قابض فورسز کے ساتھ جھڑپیں وقفے وقفے سے جاری ہیں۔ تاحال کسی ہلاکت یا گرفتاری کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ تاہم، ماضی کے تجربات کی روشنی میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران جبری گمشدگیوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو سکتا ہے۔

بلوچ حلقوں کا کہنا ہے کہ جب بھی سرمچار کسی کارروائی میں کامیاب ہوتے ہیں، تو فورسز اس کے ردعمل میں عام لوگوں کو نشانہ بناتی ہیں۔ سرچ آپریشن کے نام پر لوگوں کو بلاجواز حراست میں لینا، تشدد کا نشانہ بنانا اور خواتین کی بےحرمتی ایک معمول بن چکا ہے، جو نہ صرف انسانی حقوق بلکہ مقامی روایات کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔

قلات میں جاری اس تازہ ترین صورتحال پر مقامی آبادی نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کو نشانہ بنانے کے بجائے قانونی طریقہ کار اپنایا جائے اور چادر و چاردیواری کا احترام کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز