قلات (ہمگام نیوز)مقامی ذرائع کے مطابق مقبوضہ بلوچستان قلات میں گزشتہ روز سے مسلح افراد اور قابض پاکستانی فورسز کے درمیان شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جھڑپوں کے دوران فورسز نے ڈرون کا استعمال بھی کیا ہے، جبکہ جھڑپوں کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جھڑپوں میں قابض فورسز کو جانی و مالی نقصان پہنچا ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب مسلح افراد نے مبینہ طور پر فورسز کی چوکیوں کو نشانہ بنایا ہے۔
علاقے میں فوجی نقل و حرکت میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ مقامی آبادی خوف و ہراس کی کیفیت میں مبتلا ہے۔ ذرائع کے مطابق جھڑپوں اور آپریشن کا سلسلہ وقفے وقفے سے تاحال جاری ہے، اور علاقے میں کشیدگی کی فضا برقرار ہے۔


