شنبه, مارچ 7, 2026
Homeخبریںسٹی کورٹ کراچی سے بی وائی سی کے ڈپٹی آرگنائزر سمیت 12...

سٹی کورٹ کراچی سے بی وائی سی کے ڈپٹی آرگنائزر سمیت 12 کارکنان باعزت بری

کراچی (ہمگام نیوز) بی وائی سی کے ترجمان نے کہا ہے کہ سٹی کورٹ کراچی نے بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کے ڈپٹی آرگنائزر لالا عبدالوھاب بلوچ سمیت 12 کارکنان کو ایک سال سے زائد عرصے پر محیط سیاسی نوعیت کے مقدمے میں باعزت بری کر دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ استغاثہ الزامات ثابت کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا۔

پیر کے روز سٹی کورٹ کے سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم اختر نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ مقدمے میں پیش کیے گئے شواہد ناکافی اور غیر تسلی بخش ہیں، جس کے بعد تمام ملزمان کو بری کیا جاتا ہے۔

بری ہونے والوں میں سرفراز بلوچ، زین بلوچ، آفتاب بلوچ، قاضی امان اللہ، مراد بلوچ، وحید بلوچ، احمد نثار، احسان حمید، ساجد بلوچ، عامر بلوچ اور احسن فراز بلوچ شامل ہیں۔

یہ مقدمہ ایف آئی آر نمبر 26/2026 کے تحت 18 جنوری 2025 کو تھانہ کلاکوٹ میں درج کیا گیا تھا، جس میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 124-A، 123-A، 341، 290، 148 اور 149 شامل کی گئی تھیں۔ مقدمہ تقریباً ایک سال تک زیرِ سماعت رہا۔

ملزمان کی جانب سے سینئر وکیل عمران کلمتی بلوچ نے وکلا ذاکر بلوچ، سعید بلوچ اور وسیم بلوچ کے ہمراہ بھرپور قانونی دفاع کیا۔

یہ گرفتاریاں 25 جنوری 2025 کو بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے منائے گئے “بلوچ نسل کشی دن” کے موقع پر احتجاجی ریلیوں کے بعد عمل میں آئیں۔ بلوچستان بھر کے ساتھ ساتھ کراچی کے علاقوں لیاری اور شرافی گوٹھ، ملیر میں بھی مظاہرے کیے گئے تھے۔

اس دوران بی وائی سی کے رہنماؤں، خواتین اور کارکنان کو تشدد کا نشانہ بنانے اور جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔

اگرچہ اس مقدمے میں رہائی ایک اہم قانونی پیش رفت ہے، تاہم بلوچ یکجہتی کمیٹی کے کئی دیگر رہنما، جن میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ بھی شامل ہیں، تاحال قید میں ہیں۔

انسانی حقوق کے حلقوں کے مطابق ان رہنماؤں کی مسلسل حراست عدالتی نظام، انصاف کی فراہمی اور سیاسی اختلاف کو دبانے کے لیے قانون کے استعمال پر سنجیدہ سوالات اٹھا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز