Oplus_16908288

ایرانشہر ( ھمگام نیوز ) گزشتہ روز بروز بدھ، 22 جولائی 2026ء کی صبح ایرانشہر کی جیل میں قتل کے جرم میں قصاص کی سزا پانے والے ایک بلوچ قیدی کی سزاۓ موت پر عمل درآمد کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، پھانسی پانے والے بلوچ شہری کی شناخت 32 سالہ عبدالواحد سنگری ولد عید محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ شادی شدہ، ایک بچے کا باپ اور ضلع بمپور کے گاؤں قاسم آباد کا رہائشی تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالواحد کو سال 2019ء میں زاہدان شہر میں ایک قبائلی تنازع اور جھگڑے کے بعد گرفتار کر کے ایرانشہر جیل منتقل کیا گیا تھا۔ اس پر اس جھگڑے کے دوران قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا، جس پر قانونی کارروائی کے بعد عدالت نے اسے قصاص (سزائے موت) کا حکم سنایا تھا۔

تفصیلات کے مطابق، عبدالواحد کو منگل 21 جولائی 2026ء کو سزائے موت پر عمل درآمد کے لیے ڈیتھ سیل (تنہائی کی کوٹھڑی) منتقل کیا گیا تھا، جہاں بدھ 22 جولائی کی صبح اسے پھانسی دے دی گئی۔

خبر کی اشاعت تک ایرانشہر جیل کے حکام یا عدالتی عہدیداروں کی جانب سے اس پھانسی کے حوالے سے کوئی سرکاری اعلامیہ یا بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیم حالوش کے جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ایرانی جیلوں میں سزائے موت پانے والوں میں بلوچ قیدیوں کا تناسب نمایاں ہے، جبکہ بالخصوص پسماندہ علاقوں میں ان کے مقدمات میں شفافیت، وکیل تک رسائی اور منصفانہ عدالتی کارروائی کے حوالے سے شدید تشویش پائی

جاتی ہے۔