ایمسٹرڈیم (ہمگام نیوز) بلوچ نیشنل موومنٹ نے میڈیا کو جاری بیان میں کہاہےکہ پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم بلوچ کی موجودگی میں پارٹی کے نیدرلینڈز چیپٹر کی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔ کونسل کو شہید اکبر خان بگٹی اور جبری لاپتہ کیے گئے بلوچ افراد کے نام سے منسوب کیا گیا۔
بیان کے مطابق کونسل اجلاس کے موقع پر بی این ایم نیدرلینڈز کی نئی کابینہ کا انتخاب بھی عمل میں لایا گیا۔
اجلاس میں بی این ایم کے خارجہ سیکرٹری فہیم بلوچ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تنظیمی امور، گزشتہ دو سالہ کارکردگی اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
بیان کے مطابق اجلاس کے باقاعدہ آغاز سے قبل شہدائے بلوچ کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
بعد ازاں بی این ایم نیدرلینڈز کی گزشتہ دو سالہ کارکردگی پر مبنی ایک ڈاکومنٹری پیش کی گئی، جس میں سابقہ کابینہ کی تنظیمی سرگرمیوں، سیاسی پروگراموں اور مختلف مواقع پر نیدرلینڈز میں بی این ایم کی جانب سے کی جانے والی سرگرمیوں کو اجاگر کیا گیا۔
بی این ایم نیدرلینڈز کے سابق جنرل سیکرٹری دیدگ بلوچ نے گزشتہ دو سال کی کارکردگی پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ انھوں نے کابینہ کی تنظیمی سرگرمیوں اور مختلف پروگراموں کے حوالے سے اراکین کو آگاہ کیا۔ فنانس سیکرٹری بھار بلوچ نے تنظیم کے مالی امور اور گزشتہ مدت کی مالی کارکردگی سے متعلق رپورٹ پیش کی۔
رپورٹس کی پیشکش کے بعد سابقہ کابینہ کی کارکردگی پر سوال و جواب اور تنقیدی نشست منعقد ہوئی، جس میں اراکین نے گزشتہ دو سالہ کارکردگی کے مختلف پہلوؤں پر اپنی آراء، تجاویز اور تنقیدی نکات پیش کیے۔
بعد ازاں سابقہ کابینہ کو باضابطہ طور پر تحلیل کر دیا گیا اور نئی کابینہ کے انتخاب کا عمل شروع کیا گیا۔ انتخابی عمل کے نتیجے میں مہیم بلوچ صدر، مھرہ بلوچ نائب صدر، بہار بلوچ فنانس سیکرٹری اور حلیم بلوچ ڈپٹی جنرل سیکرٹری بلا مقابلہ منتخب ہوئے، جبکہ جنرل سیکرٹری کے عہدے کے لیے ہونے والے انتخاب کے نتیجے میں زھرہ بلوچ جنرل سیکرٹری منتخب ہوئیں۔
نئی کابینہ کی تشکیل کے بعد بی این ایم کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم بلوچ نے نومنتخب کابینہ کے اراکین سے ان کے عہدوں، تنظیم اور بلوچ قومی تحریک سے وفاداری کا حلف لیا۔
چیئرمین ڈاکٹر نسیم بلوچ اور خارجہ سیکرٹری فہیم بلوچ نے نومنتخب کابینہ کے اراکین کو مبارکباد پیش کی۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ نئی کابینہ سابقہ کابینہ کی کارکردگی اور جدوجہد کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے تنظیمی امور کو مزید مؤثر اور منظم انداز میں آگے بڑھائے گی۔
انھوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ نئی کابینہ نیدرلینڈز میں بلوچ قومی آواز کو مزید مؤثر انداز میں اجاگر کرنے، بلوچ سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق سے متعلق مسائل کو عالمی سطح پر سامنے لانے، اور تنظیمی سرگرمیوں کو مزید منظم اور فعال بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔















