روم (ہمگام نیوز) اٹلی کے فورلی ایئرپورٹ پر 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والا شدید طوفان نے ہوائی آپریشن کو متاثر کیا۔ تین چھوٹے طیارے رن وے سے اٹھ کر دور جا گریں اور دوسرا طیارہ لینڈنگ کے دوران راستے سے ہٹ گیا، جبکہ ایئرپورٹ ایک گھنٹے کے لیے بند کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے فورلی ایئرپورٹ پر اچانک آنے والے شدید طوفان نے ایئرپورٹ کا منظر ہی بدل دیا 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے کھڑے طیاروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

شدید جھکڑوں کے دوران تین چھوٹے طیارے رن وے سے اٹھ کر دور جا گرے۔ عینی شاہدین کے مطابق طیارے تیز ہواؤں میں اس طرح اچھلتے دکھائی دیے جیسے وہ وزن میں انتہائی ہلکے کھلونے ہوں۔

طوفان کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ایئرپورٹ پر موجود مختلف اشیا بھی ہوا کے زور سے ادھر ادھر بکھرتی رہیں جبکہ دیگ کھڑے بڑے طیاروں کو بھی نقصان پہنچا۔

اسی دوران لینڈنگ کی کوشش کرنے والا ایک طیارہ بھی شدید ہواؤں کی زد میں آگیا اور اپنے مقررہ راستے سے ہٹ گیا۔

اچانک آنے والے طوفان نے فورلی ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن کو شدید متاثر کیا جبکہ طیاروں کے ہوا میں اچھلنے کے مناظر نے دیکھنے والوں کو حیران کردیا۔