زاہدان(ہمگام نیوز ) گزشتہ روز 27 اگست 2026 ایرانی مقبوضہ بلوچستان میں میرجاواہ، زاہدان محور پر قابض ایرانی بارڈر فورسز کی گشتی گاڑی پر مسلح افراد کے حملے میں ایک سیکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق، جمعرات کی شام کو قابض ایرانی سرکاری ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی کہ میرجاواہ، زاہدان محور پر بارڈر فورسز کی ایک گشتی گاڑی کو مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔ حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔
رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت استوار دوم علی حیدری کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ مقبوضہ بلوچستان بارڈر فورسز میں تعینات تھا۔ حملے میں اس کے ساتھ موجود ایک اور اہلکار بھی زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ایرانی سرکاری ذرائع ابلاغ نے اس حملے کو “دہشت گردانہ حملہ” قرار دیا ہے، تاہم تاحال آزاد ذرائع سے حملہ آوروں کی شناخت، ان کی تعداد، حملے کے محرکات یا واقعے کے درست مقام سے متعلق کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
اب تک کسی فرد یا مسلح گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔


