Homeخبریںوڈھ، سارونہ اور شاہ نورانی سے متعدد نوجوانوں کی جبری گمشدگی کی...

وڈھ، سارونہ اور شاہ نورانی سے متعدد نوجوانوں کی جبری گمشدگی کی اطلاعات

خضدار( ہمگام نیوز ) ضلع خضدار کے علاقوں وڈھ، سارونہ اور شاہ نورانی سے متعدد نوجوانوں کو مبینہ طور پر ایک مقامی ’’امن فورس‘‘ نے حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کر دیا ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق جبری لاپتہ کیے گئے افراد میں عبدالوہاب ولد محمد رحیم، قوم میراجی مینگل ، سکندر ولد محمد اسماعیل، دولت خانزئی مینگل ، نصیر احمد ولد عبدالغنی، قوم چھٹہ، ظاہر احمد ولد محمد ہاشم، دولت خانزئی مینگل، گل محمد دینارزئی مینگل ، جاوید دینارزئی مینگل ولد گل محمد، محمد دینارزئی مینگل، گل محمد کے کزن ،سمیع اللہ ولد غلام نبی، گمشادزئی مینگل ،نظام ولد عبدالحکیم، پلیزئی مینگل شامل ہیں۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ ان کے پیارے کسی سیاسی جماعت یا تنظیم سے وابستہ نہیں ہیں، تاہم انھیں بلاجواز حراست میں لے کر جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر مذکورہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے تو ان کی حراست کو فوری طور پر ظاہر کیا جائے اور ان کے اہلِ خانہ کو ان کی موجودہ حالت اور مقام سے آگاہ کیا جائے۔لواحقین نے مزید کہا کہ انہیں اس بات پر شدید افسوس ہے کہ سردار اختر مینگل ایک جانب جبری گمشدگیوں کے خلاف عوامی مؤقف اختیار کرتے ہیں اور اس مسئلے کو اپنی سیاسی جدوجہد کا اہم عنوان قرار دیتے ہیں، جبکہ دوسری جانب، ان کے بقول، انہی کے علاقے میں ان کے پیاروں کو جبری گمشدگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

لواحقین نے اس معاملے کی شفاف، غیر جانب دار اور مؤثر تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ان کے پیاروں کو فی الفور بازیاب نہ کیا گیا تو وہ سڑکوں پر نکلنے اور احتجاجاً سڑکیں بند کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز