شال ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے علاقہ اوستہ محمد میں اوستہ محمد کے معروف ڈاکٹر سہیل یوسف کی لاش ان کے گھر کے کمرے سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹر سہیل یوسف کے سینے پر گولی لگنے کے نشانات موجود ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی اوستہ محمد، ڈی ایس پی اوستہ محمد اور ایس ایچ او اوستہ محمد موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ واقعے کی نوعیت اور دیگر شواہد سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔
ادھر مستونگ کے علاقے نوزہ کانک میں مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی ہوا۔
پولیس نے واقعے کے بعد لاشوں اور زخمی کو طبی امداد کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، فائرنگ میں ہلاک ہونے والے افراد میں سے ایک کا تعلق ڈھاڈر جبکہ دوسرے کا تعلق مستونگ سے بتایا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق، ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد مبینہ طور پر ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ایک گروہ سے تعلق رکھتے تھے۔
واقعے کے بعد پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ واقعے کے محرکات اور فائرنگ میں ملوث افراد سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
علاوہ ازیں تربت میں کار واش سروس کے دوران گاڑی کی ٹکر سے سروس اسٹیشن کا ایک ملازم موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب سروس اسٹیشن کا ملازم گاڑی کو ریورس کروانے کے لیے پیچھے کھڑا ہوکر ڈرائیور کو اشارے دے رہا تھا۔ مبینہ طور پر ڈرائیور نے بریک لگانے کے بجائے غلطی سے ایکسیلیٹر دبا دیا جس کے باعث گاڑی نے اچانک رفتار پکڑ لی اور ملازم کو دیوار کے ساتھ کچل دیا۔
جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت رضوان ولد رفیق سید، سکنہ سنگانی سر کے نام سے ہوا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور الطاف، سکنہ بلوچی بازار اپسر کو گرفتار کرلیا جب کہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
تربت بلیدہ کراس کے قریب تیز رفتاری کے باعث کار کھائی میں جاگری، ایک شخص جاں بحق
دوسری جانب تربت بلیدہ کراس کے قریب تیز رفتاری کے باعث ایک کار بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق تیز رفتاری کے باعث کار ڈرائیور سے بے قابو ہوکر سڑک سے اتر گئی اور گہری کھائی میں جاگری۔
حادثے میں خلیفہ کریم ولد کریم جان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے خلیفہ کریم کا تعلق ناگ زامران سے تھا جب کہ وہ حالیہ دنوں پر سری کہن تربت میں مقیم تھے۔
دریں اثناء نوشکی کلی نوکجو میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں بلوچ خان امیر زئی مینگل اور حکمت علی امیر زئی مینگل زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو ٹیچنگ ہسپتال نوشکی میں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔


