ریاض (ہمگام نیوز) سعودی قیادت میں یمن کی حکومت کی حمایت کرنے والے فوجی اتحاد نے حوثیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حوثی جنگجوؤں اور ان کی فوجی صلاحیتوں کو نشانہ بنانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

تازہ کارروائیوں کے دوران سعودی اتحادی افواج نے اپنے دعوے کے مطابق 136 حوثی فوجی اہداف تباہ کیے ہیں، جبکہ حوثیوں کے بیلسٹک میزائل نیٹ ورک کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اتحادی افواج کا کہنا ہے کہ یمنی حکومتی فورسز کو مختلف محاذوں پر مسلسل فضائی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

یہ کارروائیاں ایسے وقت میں تیز ہوئی ہیں جب یمن میں حکومتی فورسز نے حوثیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں کو واپس لینے کے لیے ’آپریشن ڈان آف یمن‘ شروع کر رکھا ہے۔ لڑائی خاص طور پر باب المندب، تعز اور بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقوں میں شدت اختیار کر گئی ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب کا کہنا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے سعودی شہروں کی طرف داغے گئے میزائلوں کو بھی روکا گیا ہے۔ 8 اکتوبر کو اتحادی افواج نے ریاض کی سمت آنے والے دو بیلسٹک میزائل اور خمیس مشیط کی طرف آنے والا ایک میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔