شال (ہمگام نیوز) پاکستانی مقبوضہ بلوچستان کے شہر ڈیرہ بگٹی اور کیچ میں دو الگ الگ دھماکوں کے واقعات پیش آئے ہیں۔ ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا، جبکہ کیچ کے علاقے گیبن میں ہونے والے دھماکے میں ایک سرف گاڑی کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔
ڈیرہ بگٹی میں کچی کینال کی 12 نمبر شاخ کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق دھماکہ بارودی سرنگ سے ہوا، تاہم واقعے کی مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکی۔
دوسری جانب کیچ کے علاقے گیبن میں بھی ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی۔ ذرائع کے مطابق دھماکے میں ایک سرف گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ ایک سرکاری حمایت یافتہ مسلح گروہ سے وابستہ تھی۔
تاہم کیچ میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ممکنہ جانی یا مالی نقصان سے متعلق تاحال کوئی مصدقہ اطلاع موصول نہیں ہوئی۔


