شال (ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تین افراد کی جبری گمشدگیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ مختلف اوقات میں جبری طور پر لاپتہ کیے گئے سات افراد کی بازیابی کی تصدیق ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے کلی قمبرانی، قمبرانی روڈ سے 15 سالہ ثاقب قمبرانی ولد حاجی قدرت اللہ کو 27 نومبر 2026 کی رات ایک بجے ان کے گھر سے حراست میں لے کر لاپتہ کردیا گیا۔ فراہم کردہ معلومات کے مطابق انہیں سی ٹی ڈی اور ایم آئی کے اہلکاروں نے حراست میں لیا۔
دوسرے واقعے میں کیچ کے علاقے تربت، آپسر کے بلوچ بازار سے 15 سالہ نجیب ولد لعل بخش کو 25 نومبر 2026 کی شام چھ بجے ایف سی اہلکاروں نے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
اسی طرح کیچ کے علاقے آپسر، بلوچی بازار سے 18 سالہ گاجیان ولد منظور کو 27 نومبر 2026 کی دوپہر ایک بجے ان کے گھر سے ایف سی اہلکاروں نے حراست میں لے کر لاپتہ کردیا۔ گاجیان سیکنڈ ایئر کے طالب علم بتائے جاتے ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے سات افراد کی بازیابی کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
ندیم بلوچ ولد موہن کرد: مستونگ کے علاقے جلب گوندان دشت کے رہائشی ندیم بلوچ کو 18 نومبر 2026 کو حراست میں لے کر لاپتہ کیا گیا تھا، جو 23 نومبر کو بولان کے علاقے مچھ سے بازیاب ہوگئے۔
مسخان ولد احمد: کیچ کے علاقے شاہی تمپ، تربت کے رہائشی مسخان کو 16 نومبر 2026 کو لاپتہ کیا گیا تھا، جو 26 نومبر کو تربت سے بازیاب ہوگئے۔
عابد ارمان ولد علی احمد: پنجگور کے علاقے تسپ کے رہائشی عابد ارمان کو 18 نومبر 2026 کو لاپتہ کیا گیا تھا، جو 23 نومبر کو پنجگور سے بازیاب ہوگئے۔
ظاہر بلوچ ولد داد محمد: سبی کے علاقے سنگان کے رہائشی ظاہر بلوچ کو 21 اکتوبر 2026 کو لاپتہ کیا گیا تھا، جو 13 نومبر کو سبی سے بازیاب ہوگئے۔
بہزاد دلاوری ولد برکت دلاوری: پنجگور کے علاقے خدا آبادان کے رہائشی بہزاد دلاوری کو 21 نومبر 2024 کو لاپتہ کیا گیا تھا، جو 19 نومبر 2026 کو کیچ کے علاقے تربت سے بازیاب ہوگئے۔
عمر ولد امید: پنجگور کے علاقے پروم کے رہائشی عمر کو یکم نومبر 2026 کو لاپتہ کیا گیا تھا، جو 27 نومبر کو پنجگور سے بازیاب ہوگئے۔
خالد ولد حاجی حضور بخش: نوشکی کے علاقے قاضی آباد کے رہائشی خالد کو 21 نومبر 2026 کو لاپتہ کیا گیا تھا، جو 26 نومبر کو
نوشکی سے بازیاب ہوگئے۔


