پیرس(ہمگام نیوز) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں حکام کے مطابق طنز ومزاح کے مشہور رسالے ’چارلی ایبڈو‘ کے دفتر پر مسلح افراد کے حملے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت کم از کم 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ فرانسیسی ذرائع ابلاغ کے مطابق بظاہر یہ حملہ مسلمان شدت پسندوں نے کیا ہے۔
فرانسیسی صدرفرانسوا اولاند کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے۔
حکام کے مطابق کم از کم دو مسلح افراد نے رائفلرز کی مدد سے رسالے کے دفتر میں فائرنگ کی اور ایک گاڑی میں فرار ہونے سے پہلے ان کا پولیس کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ہے۔
فرانسیسی ذرائع ابلاغ کے مطابق موقعے پر موجود لوگوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے میگزین کے دفتر پر کلاشنکوف کی فائرنگ کی مسلسل آوازیں سنیں۔
پیرس کی پولیس نے شہر اور اس کے نواح میں حملہ آوروں کی تلاش کے لیے بہت بڑی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
فرانس ٹو نیوز چینل نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ رسالے کے دفتر پر مسلح حملہ اس وقت ہوا جب عملہ ہفتہ وار ادارتی میٹنگ کر رہا تھا۔