برسلز(ہمگام نیوز ) ایک ایرانی سفارت کار سمیت چھ ایسے افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن پر شبہ ہے کہ وہ فرانس میں ایرانی اپوزیشن کی ایک ریلی پر ’دہشت گردانہ حملہ‘ کرنا چاہتے تھے۔ اس ریلی میں امریکی صدر کے ایک وکیل بھی شرکت کر رہے تھے۔
بیلجیم سکیورٹی حکام کے مطابق ایک ایرانی سفارت کار سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ باقی تین مشتبہ افراد کی گرفتاری فرانس میں عمل میں لائی گئی ہے۔ بیلجیم سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ایک سفارت کار کے ہمراہ گرفتار کیے جانے والے میاں بیوی عامر ایس اور نسیمہ این ایرانی نژاد بیلجیئن شہری ہیں اور یہ ہفتے کے روز پیرس کے نواحی علاقے میں جلاوطن ایرانی اپوزیشن گروپ پیپلز مجاہدین آف ایران کی طرف سے منعقد کردہ ایک ریلی میں بم نصب کرنا چاہتے تھے۔ اس جوڑے کی گاڑی سے نصف کلو دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔