جمعه, اکتوبر 11, 2024
Homeخبریںقندھار حملہ آور سرحد پار رابطے میں تھا، این ڈی ایس سربراہ

قندھار حملہ آور سرحد پار رابطے میں تھا، این ڈی ایس سربراہ

کابل (ہمگام نیوز ڈیسک ) افغانستان کے خفیہ ادارے این ڈی ایس کے چیف معصوم استانکزئی نے کہا ہے کہ قندھار پولیس چیف عبد الرازق کے قتل سے کچھ دیر پہلے قاتل نے دو منٹ تک سرحد کے اس پار کسی سے گفتگو کی تھی۔

افغان خفیہ ایجنسی کے سربراہ نے قندھار پہنچنے پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ قندھار پولیس چیف عبدالرازق اچکزئی کو قتل کرنے والے باڈی گارڈ نے جعلی نام اور جعلی شناخت اختیار کر رکھی تھی۔ قاتل نے پولیس چیف کو قتل کرنے سے پانچ منٹ قبل سرحد پار کسی کو دو سے ڈھائی منٹ کی کال بھی کی تھی۔

این ڈی ایس کے سربراہ نے کہا کہ قاتل نے جعلی نام سے فورس میں شمولیت حاصل کی اور ایک ماہ قبل ہی قندھار پولیس چیف عبدالرازق کا باڈی گارڈ مقرر ہوا تھا۔ پولیس نے 15 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔

افغان خفیہ ادارے کے سربراہ نے سرحد پار کی وضاحت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تحقیقات ابتدائی مراحل میں ہیں، تفتیش مکمل ہونے کے بعد میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا جائےگا۔ انہوں نے قاتل اور گرفتار افراد کی شناخت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کو بھی نظر انداز کردیا۔

واضح رہے کہ 18 اکتوبر کو قندھار پولیس چیف عبدالرازق اپنے ہی باڈی گارڈ کے ہاتھوں قتل ہوگئے تھے۔ اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر افغان خفیہ ایجنسی کے صوبائی چیف بھی جانبحق ہوگئے تھے جب کہ گورنر قندھار زخمی اور امریکی فوج کے کمانڈر بال بال بچ گئے تھے۔

یاد رہے کہ قندھار حملے کی ذمہ داری پاکستان و ایران کے حمایت یافتہ افغان طالبان نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ہدف نیٹو کمانڈر جنرل ملر و جنرل رازق تھے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز