کراچی (ہمگام نیوز ڈیسک)کراچی میں سخی حسن چورنگی کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سرکاری حمایت یافتہ پارٹی PSP کے رہنما اور چیمبر آف کامرس کے رکن عبدالحبیب ہلاک ہوگئے، آئی جی سندھ نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق سخی حسن چورنگی کے قریب ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے شخص کی شناخت عبدالحبیب کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان نے ان کی گاڑی پر پانچ سے چھ گولیاں فائر کیں جو دو نائن ایم ایم پستولوں سے چلائی گئیں۔
مقتول کے پاس سے کراچی چیمبر آف کامرس کا کارڈ ملا ہے، تفتیشی ذرائع کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر چار ملزمان نے واردات کی، ملزمان پینٹ شرٹ میں ملبوس تھے، جنھوں نے ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے۔ فائرنگ کی جگہ سے جیوفینسنگ اور گاڑی کی فرانزک کروائی جائے گی جبکہ جائے وقوع کے اطراف سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے۔ ترجمان PSP کے مطابق حبیب پی ایس 122 سے پی ایس پی کے امیدوار تھے جبکہ چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان اور سہولت کاروں کی جلد گرفتار کا مطالبہ کیا ہے۔


