اسلام آباد (ہمگام نیوزڈیسک) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ IMF نے پاکستان سے کہا ہے کہ پہلے FATF سے کلیئرنس لے لو، پھر قرضہ ملے گا.پاکستان ایک اور مشکل کا شکار ہوگیا ہے کیونکہ جب تک فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) پاکستان کو کلیئر نہیں کرتا، آئی ایم ایف پاکستان کو معاشی دلدل سے نکلنے کیلئے کوئی بیل آؤٹ پیکج نہیں دے گا، لہٰذا پاکستان کے پاس اب کوئی آپشن نہیں بچا سوائے اس کے کہ FATF کے مطالبے پر تمام اقدامات کرے۔ FATF کی جانب سے ان اقدامات پر مطمئن ہونے کے بعد آئی ایم ایف کو پاکستان کے ساتھ قرضہ پروگرام پر دستخط کرنے کیلئے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے گرین سگنل دے دیا جائے گا۔ اقتصادی وزارتوں میں سے ایک میں موجود سینئر عہدیدار نے دی نیوز کو بتایا کہ یہ حالات پاکستان کیلئے نہایت ہی تشویشناک صورتحال ہے جسے خود کو مستحکم کرنے اور ہولناک معاشی صورتحال سے نکلنے کیلئے فنڈ کی مدد کی اشد ضرورت ہے۔ تاہم سرکاری ذرائع کے مطابق تحریک انصاف حکومت کی جانب سے یہ تذبذب یا ہچکچاہٹ کہ معاشی محاذ پر کیسے آگے بڑھا جائے نے بھی واقعتاً پاکستان کی معیشت کو بہت تباہ کیا ہے۔ یہ ہچکچاہٹ پاکستان بھر میں غیر یقینی کیفیت کا سبب بنی جس نے مارکیٹ کا اعتماد ٹکڑے ٹکڑے کردیا۔ حتیٰ کہ وزیر خزانہ اسد عمر نے بیان جاری کردیا کہ پاکستان کے پاس اب دو آپشنز ہیں کہ یا تو آئی ایم ایف کے پاس جائے یا پھر دیوالیہ ہوجائے.


