فن لینڈ(ہمگام نیوز ڈیسک)روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے فن لینڈ میں اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے بات چیت کی ہے اور اس کے بعد امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ وینزویلا میں فوجی مداخلت سے بازر ہے ۔اگر اس نے ایسا غیر منصفانہ اقدام کیا تو اس سے اس ملک میں انارکی جنم لے گی ۔
دونوں وزراء خارجہ کے درمیان آرکٹیک کونسل کے اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی ہے۔سرگئی لاروف نے بعد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے تعمیری انداز میں بات چیت کی ہے اور تزویراتی جوہری استحکام سے متعلق تبادلہ خیال میں شائستہ پیش رفت کی ہے۔
انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ روسی صدر ولادی میر پوتین اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان گذشتہ سال ہیلسنکی میں ملاقات کے بعد ایک اور ٹاکرا ہو سکتا ہے۔دونوں صدور کے درمیان اس کے بعد سے کوئی بالمشافہہ ملاقات نہیں ہوئی ہے۔