واشنگٹن ( ہمگام نیوز ڈیسک ) امریکہ نے تصدیق کر دی ہے کہ ایران نے اس کا ایک فوجی ڈرون مار گرایا ہے۔امریکی حکام نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے ان کے ایک فوجی ڈرون کو آبنائے ہرمز کے اوپر بین الاقوامی فضائی حدود میں زمین سے فضا میں داغے گئے ایک میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ایک امریکی اہلکار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ گرایا جانے والا ڈرون یو ایس نیوی ایم کیو 4 سی ٹریٹون تھا۔
اس سے قبل ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے ایک امریکی جاسوس ڈرون کو مار گرایا ہے۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کی افواج نے ایران کے جنوبی صوبہ ہرمزگان میں کوہِ مبارک کے نزدیک آر کیو 4 گلوبل ہاک ڈرون کو نشانہ بنایا۔
کوہِ مبارک، جہاں ایران کے مطابق اس نے جمعرات کو ڈرون مار گرایا، آبنائے ہرمز کے نزدیک ہے جو کہ تیل کی بین الاقوامی ترسیل کا ایک اہم راستہ ہے۔
یہ پیشرفت پینٹاگون کی جانب سے خطے میں مزید 1000 فوجی تعینات کرنے کے اعلان کے کچھ ہی دن بعد ہوئی ہے۔


