واشنگٹن(ہمگام نیوزڈیسک) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے افغان صدر اشرف غنی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ جنوبی ایشیا کی حکمت عملی میں کوئی تبدیلی نہیں کر رہا۔ بیان میں کہا گیا کہ افغان صدر اشرف غنی اور امریکا کے اعلیٰ سفیر کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنما اس بات پر رضامند ہوئے کہ افغانستان میں جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات پر زور دینا ناگزیر ہے۔سیکریٹری پومپیو نے افغان صدر اشرف غنی کو یقین دہانی کرائی کہ ‘ڈونلڈ ٹرمپ کی مشروط فوجی انخلا سمیت جنوبی ایشیا کی حکمت عملی میں کوئی تبدیلی نہیں ہورہی’۔
سیکریٹری پومپیو نے افغان صدر کو بتایا کہ انہوں نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ اور خصوصی نمائندے برائے افغان مصالحتی عمل کے سفیر زلمے خلیل زاد کو امن کا راستہ اپنانے کے لیے کابل روانہ کردیا ہے۔
اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ اشرف غنی نے امریکی مہمانوں کے بھیجے جانے اور سیکریٹری کے اقدامات کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ مستحکم، پر امن اور جمہوریت پسند افغانستان جو دہشت گردوں کا مرکز نہیں ہوگا، کے لیے امریکا کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔


