نئی دہلی (ہمگام نیوزڈیسک) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کے رپورٹس کے مطابق بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جموں، کشمیر سے متعلق آئین کے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے معاملے پر روس نے بھارت کی حمایت کر دی ہے اور روس کی اس حمایت سے پاکستان کو ایک بہت بڑا دھچکا لگا ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا کہ روس نے بھارت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ ہے۔
روس نے کہا کہ جموں و کشمیر سےمتعلق بھارت کا یہ فیصلہ ایک خودمختار فیصلہ ہے۔ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے۔ ہمارا مؤقف بھی وہی ہے جو اس معاملے پر بھارت کا اپنا مؤقف ہے۔ بھارتی میڈیا نے روس کی اس حمایت کو پاکستان کے لیے شرمندگی کا باعث قرار دیتے ہوئے اسے اور ایک جھٹکا قرار دیا ہے۔ یاد رہے کہ بھارت نے آرٹیکل 370 ختم کر کے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور اسے دو حصوں میں تقسیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس معاملے پر اس سے قبل بھی روس بھارت کی حمایت کا اعلان کر چکا ہے۔ روس نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بھارتی اقدام کی حمایت کی تھی۔ روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بھارت نے کشمیر میں جو تبدیلیاں کیں وہ بھارتی آئین کے مطابق حکومت کے دائرہ کار میں ہیں۔ ہمیں اُمید ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین اختلافات کو شملہ معاہدے کے تحت دو طرفہ بات چیت کے ذریعے سلجھا لیا جائے گا۔
روسی وزارت خارجہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم اُمید کرتے ہیں کہ نئی دہلی نے کشمیر میں جو بھی تبدیلیاں کیں اُس کی وجہ سے پاکستان اور بھارت خطے کی صورتحال کو مزید کشیدہ نہیں ہونے دیں گے۔ روسی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیر کا اسٹیٹس تبدیل کیا جانا اور اسے دو ریاستوں میں تقسیم کیے جانے کا بھارتی اقدام بھارتی آئین کے دائرہ کار کے تحت کیا گیا ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ دونوں فریق اس اقدام کے نتیجے میں خطے کی صورتحال کو مزید خراب نہیں کریں گے۔ ہمیں اُمید ہے کہ دونوں ممالک اپنے اختلافات کو سیاسی اور سفارتی محاذ پر بات چیت کے ذریعے سُلجھائیں گے۔
#Breaking | Another big jolt to Pakistan, Russia backs India on dilution of Article 370. Russia says, J&K is an internal matter of India, and diluting Article 370 is India’s sovereign decision. | Vivek Narayan with details. pic.twitter.com/CNIfssvJe7
— TIMES NOW (@TimesNow) August 28, 2019