لاہور (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق کراچی سے لاہور اور راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آج صبح رحیم یارخان کے علاقے لیاقت پوراسٹیشن کے قریب اچانک ٹرین کی بوگی میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 73 افراد جانبحق اور کئی افراد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
ریلوے حکام اس حادثے کی ذمہ داری لینے سے یہ کہتے ہوئے انکار کرتے ہیں کہ یہ حادثہ مسافروں کی غفلت اور غیر ذمہ داری کے سبب پیش آیا کیونکہ وہ ٹرین کے اندر گیس سیلنڈر لے گئے تھے جہاں وہ چلتی ٹرین میں کھانا بھی بنا رہے تھے جہاں سیلنڈر کے پھٹنے سے ٹرین میں آگ بھڑک اٹھی، جب کہ غیر مصدقہ اطلاعات یہ بھی آرہی ہیں کہ آگ شاٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی اور ٹرین کی ہنگامی حالات میں روکنے والی چینیں بھی خراب تھیں کہ آگ بھڑکنے کے فوری بعد ٹرین کو روکا جاسکتا ہو۔
اب تک ٹرین کی متعدد بوگیاں جل کر خاکستر ہوگئی ہیں۔ واقعہ کے بعد ریلوے کے اعلی حکام امدادی ٹیموں کے ہمراہ جاہ وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔ زخمیوں اور جانبحق افراد کی نعشوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
حادثے کے سبب ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوکررہ گئی ہے تاہم ٹرینوں کی سروسز کی بحالی کے لیے ہنگامی بینادوں پر کام جاری ہے۔ آخری اطلاعات آنے تک حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے حوالے سے متضاد اطلاعات آرہی ہیں جہاں کچھ اطلاعات کے مطابق تعداد بتائے جانیوالی تعداد سے بہت زیادہ ہے۔


