نیو دہلی ( ہمگام نیوز ) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق انڈیا کے شہر لکھنو میں اتوار کو کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں افغانستان کی قومی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی کی چیمپیئن ٹیم ویسٹ انڈیز کو 29 رنز سے شکست دی۔
افغانستان نے ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو تین میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں شکست دے کر سیریز دو ایک سے اپنے نام کر لی۔
افغانستان کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو صرف 44 رنز کے مجموعی اسکور پر اس کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
اس موقع پر افغانستان کے وکٹ کیپر رحمٰن اللہ گربز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے اپنی ٹیم کے لیے 6 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 79 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
افغانستان کے دوسرے نمایاں بلے باز اصغر افغان رہے۔ انھوں نے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 24 رنز بنائے۔157 رنز کے ہدف میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز ہی بنا پائی۔
ویسٹ انڈیز کے ابتدائی تین بلے باز صرف 42 رنز کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے وکٹ کیپر سہائے ہوپ نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے نوین الحق نے تین وکٹیں جبکہ راشد خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
افغانستان کے رحمٰن اللہ گربز کو شاندار بیٹنگ پر میچ اور کریم جنت کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے پہلے 14 نومبر کو لکھنؤ ہی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 30 رنز سے شکست دی تھی۔ واضح رہے کہ 16 نومبر کو لکھنؤ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کریم جنت کی تباہ کن بولنگ کی بدولت افغانستان نے ویسٹ انڈیز کو 41 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی تھی۔