لندن (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی ہزاروں افراد کی ہلاکتوں کےذمےدارتھے جن کی موت پر کوئی افسوس نہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق وزیراعظم بورس جانسن نے امریکی ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر ردعمل میں کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی ہزاروں معصوم لوگوں کی ہلاکتوں میں ملوث اور ہمارےمفادات کےلیےخطرہ تھے۔
بورس جانسن نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی خطےمیں خلل ڈالنےاورغیرمستحکم کرنےکےذمےدارتھے، لہذا برطانیہ جنرل قاسم سلیمانی کی موت پرافسوس کااظہارنہیں کرےگا۔
برطانوی وزیراعظم نے امریکا اور ایران دونوں پر باہمی کشیدگی کم کرنے کے لیے زور دیتے ہوئے کہا کہ جوابی اورانتقامی کارروائیاں زیادہ تشددکاباعث بنیں گی۔
جبکہ ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سر کی قیمت مقرر کردی، ایران کے جنرل قاسم سلیمانی کے سپورٹرز اور ایرانی حکام نے ٹرمپ کو قتل کرنے والے شخص کو 80 ملین ڈالر انعام دینے کا اعلان کردیا، جنرل قاسم سلیمانی کی آخری رسومات کے موقع پرایرانی منتظمین نے یہ اعلان کیا۔ غیرملکی میڈیا کی ایک رپورٹ مطابق ایرانی حکام نے امریکی صدر ٹرمپ سے جنرل قاسم سلیمانی کا بدلہ لینے کیلئے امریکی صدر کے سر کی قیمت مقرر کردی ہے۔
جنرل قاسم سلیمانی کی آخری رسومات کے منتظمین نے اعلان کیا کہ ہر ایرانی 80 ملین ڈالر کی رقم جمع کرنے کیلئے عطیات دیں۔ جنرل قاسم سلیمانی کے جنازے کے منتظمین نے مشہد میں لوگوں سے اپیل کی کہ ہر ایرانی ایک ڈالر عطیہ دے، جس سے 80 ملین ڈالر کی رقم اکٹھی ہوجائے گی۔
ایرانی ممبر پارلیمنٹ ابوالفضل ابوترابی نے اپنی پارلیمنٹ کے اوپن سیشن میں دھمکی دی ہے کہ امریکا کی سرزمین پر ٹرمپ کو جواب دینے کیلئے وائٹ ہاؤس پر حملہ کریں گے۔
ٹرمپ نے ایران کی مختلف 52 تنصیبات کونشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے.