کیچ(ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق مقبوضہ بلوچستان کے ضلع کیچ سے پاکستانی فورسز نے دو خواتین کو حراست میں لینے کے بعد فوجی کیمپ منتقل کردیا جس کے بعد بلوچ وائس فار مسنگ کی رپورٹ کے بعد ان کو تفتیش کرنے کے بعد رہا کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فورسز نے دو سگی بہنوں ثمینہ بلوچ اور زبیدہ بلوچ بنت مراد سکنہ تجابان کیچ کو آج حراست میں لیکر فوجی کیمپ منتقل کردیا۔
بتایا جارہا ہے کہ زبیدہ بلوچ جبری طور اغوا مجاہد کی والدہ ہے جنہیں پاکستانی فوج نے بیس دن قبل حراست میں لے کر جبری طور اغوا کردیا تھا۔
دونوں بہنوں کو فورسز اہلکاروں نے اس وقت حراست میں لیا جب وہ اپنے آبائی علاقے تجابان سے کیچ کے مرکزی علاقے تربت جارہے تھے ۔
خیال رہے اس سے قبل بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں سے خواتین و بچوں کو حراست میں لینے کے بعد ان کو فوجی کیمپ میں منتقل کرنے کے واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔
گذشتہ سال کے اواخر میں آواران سے چار خواتین کو حراست میں لیکر فوجی کیمپ منتقل کردیا گیا تھا جن پر بعد میں الزام لگا کر انھیں مسلح تنظیمیوں کے سہولت کار کے طور پر پیش کیا گیا تاہم انہیں بعد ازاں رہا کردیا گیا تھا۔