حیدرآباد (ہمگام نیوز) سندھ کی وزیر صحت و بہبود آبادی کی میڈیا کوآرڈینیٹر میران یوسف کے مطابق حیدر آباد میں اس وقت کووڈ-19 (کورونا وائرس) کے کیسز کی تعداد 43 ہوگئی ہے جن میں سے 36 کیسز تبلیغی جماعت کے ارکان سے متعلق ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے کیسز نور مسجد سے رپورٹ ہوئے ہیں جہاں پہلے ہی تبلیغی جماعت کے 200 ارکان کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ حیدر آباد کی نور مسجد سندھ میں تبلیغی جماعت کا دوسرا بڑا مرکز ہے جس کو گزشتہ ہفتے 19 سالہ چینی نژاد تبلیغی رکن میں وائرس مثبت آنے کے بعد سیل کردیا گیا تھا۔
میران یوسف کے مطابق حکومت نے مسجد کے اندر موجود تمام افراد کے نمونے حاصل کرکے ٹیسٹ کے لیے بھیج دیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حیدر آباد میں اس وقت تبلیغی جماعت کے 830 اراکین موجود ہیں۔