یکشنبه, سپتمبر 29, 2024
Homeخبریںفری بلوچستان موومنٹ کی جانب سے آجوئی ٹی وی کے نام سے...

فری بلوچستان موومنٹ کی جانب سے آجوئی ٹی وی کے نام سے یوٹیوب چینل کا قیام، پہلی ڈاکومینٹری 28 مئی کو نشر ہوگی

 

کوئٹہ(ہمگام نیوز) فری بلوچستان موومنٹ کی جانب سے آجوئی ٹی وی کے نام سے یوٹیوب چینل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، اس سلسلے میں ”چُرائے گئے ایٹم بم کے سائے تلے” کے عنوان سے پہلی ڈاکومینٹری قابض پاکستان کی جانب سے مقبوضہ بلوچستان میں اپنے انسان کُش اور ماحول دشمن ایٹمی دھماکے کرنے کے حوالے سے ایک معلوماتی ڈاکومینٹری کی صورت میں 28 مئی کے دن نشر ہوگی۔

تاریخی حوالے سے 28 مئی بلوچستان اور بلوچ قوم کے لئے ایک سیاہ دن کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس دن مقبوضہ بلوچستان کے خوبصورت پہاڑی علاقے راسکوہ بمقام چاغی میں پاکستان نے اپنے ایٹمی دھماکے کرکے اس علاقے کو ہمیشہ کے لئے بنجر بنا دیا۔ ایٹمی دھماکوں کی وجہ سے ایک طرف پاکستان نے راسکوہ کے خوبصورت پہاڑ جلا کر راکھ میں بدل دئیے تو دوسری جانب وہاں کے مکینوں کو مختلف موذی امراض تحائف کے طور پر پیش کردئیے اور اس کو فاتحانہ انداز میں بلوچ عوام کی لاشوں پر “یوم تکبیر” کا نام دے دیا۔ان بیماریوں میں کینسر، جلدی امراض اور پیدائشی معذوری شامل ہیں۔

پاکستان کے اس مکروہ عمل سے علاقے میں زراعت کے شعبے کو شدید نقصان پہنچا اور پورے علاقے میں بارشیں بھی ختم ہوکر رہ گئی ہیں۔

اس ظالمانہ عمل کے خلاف فری بلوچستان موومنٹ ہر سال 28 مئی کو دنیا بھرمیں آگاہی مہم اور مظاہروں کا اہتمام کرتی رہی ہے مگر اس سال عالمی وبا کرونا وائرس کے دنیا بھر میں پھیلاؤ کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس سال فری بلوچستان موومنٹ اپنی سرگرمیاں آن لائن منعقد کریگی اور اس سلسلے میں اپنے یوٹیوب چینل کے ذریعے حقائق پر مبنی ایک ڈاکومینٹری نشر کریگی جس میں وہاں کے زمینی حقائق دنیا تک پہنچانے کی کوشش کی جائیگی۔
ایف بی ایم نے اپنے جاری کردہ اعلامیئے میں مزید بتایا کہ اس ڈاکومینٹری میں تین شخصیات کو شامل کیا گیا ہے جو بلوچ رہنما اور فری بکوچستان موومنٹ کے سربراہ حیربیار مری،دریٹس ویرمان اور سیمن شو فیلڈ پر مشتمل ہیں۔

حیربیار مری وہ پہلے صوبائی وزیر اور رُکن صوبائی اسمبلی ہیں جنہوں اُسی وقت 1998 میں ہی پاکستان کی جانب سے بلوچستان میں ہونے والے ایٹمی دھماکوں کی شدید مخالفت کی تھی۔ حیربیار مری کی جانب سے منظر عام پر لائے جانے والے بلوچستان لبریشن چارٹر کے مطابق بلوچستان جوہری ہتھیاروں سے پاک ایک ملک ہوگا جو خطے کی امن کے لئے بھرپور تعاون و کوششیں کریگا۔

فریٹس فیرمان ویکم ھووئیزن شمسی توانائی کے سابق ڈائریکٹررہے ہیں اور پاکستانی جوہری اثاثوں کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان جس نے نیدرلینڈ سے یہ ٹیکنالوجی چُرائی تھی کے پُرانے ساتھی ہیں۔ ویرمان نے 1970 میں ہی نیدرلینڈ کی حکومت کو ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی مشکوک حرکات کے بارے میں پہلے ہی آگاہ کردیا تھا لیکن بدقسمتی سے، اس سے پہلے کہ نیدرلینڈ کی حکومت کوئی کاروائی کرتی وہ چھٹیوں پر چلا گیا اور پھر لوٹ کر کبھی نہیں آیا۔

سائمن شوفیلڈ ایچ ایس سی کے شعبہ دفاع کے ڈپٹی لیڈر ہیں۔ سائمن ایک متحرک رکن ہیں جو پارلیمنٹ میں ایک رکن پارلیمنٹ کے ساتھ رہنے اور لوکل گورنمنٹ میں مشاورت کا خاصہ تجربہ رکھتے ہیں جنہوں نے حل یونیورسٹی سے برطانوی سیاست اور قانون سازی میں فرسٹ کلاس میں اپنی اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ وہ ایک تجربہ کار مہم چلانے والے کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ وہ مختلف کامیاب مہموں کا حصہ رہے ہیں جس میں ہمبر سائیڈ پولیس اور جرائم کے حوالے سے کامیاب مہم شامل ہے۔ ان کی مرکزی دلچسپیوں میں قومی دفاع،خبررسانی اور دہشت گردی کی روک تھام کرنے کے لئے کوشش کرنا شامل ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف ڈرون حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کے بارے میں ایک ریسرچ کی تھی اور اس وقت ایٹمی ہتھیاروں اور جوہری دہشت گردی اور ان کے اثرات پر کام کررہے ہیں جو ایک ریسرچ کی صورت سامنے آئے گا۔
فری بلوچستان موومنٹ نےلائیو نشریات کے اوقات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈاکومینٹری 28 مئی 2020 کے دن یورپ کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے، پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 6 بجے، ہندوستان کے شام 6:30 بجے، برطانیہ کے دوپہر 2 بجے اور امریکی معیاری وقت کے مطابق صبح 9 بجے آجوئی ٹی وی پر براہ راست نشر ہوگی۔ یہ ڈاکومینٹری مندرجہ ذیل آن لائن لنک پر دیکھنے والوں کے لئے دستیاب ہوگی۔

 

یہ بھی پڑھیں

فیچرز