واشنگٹن ( ہمگام نیوز) مانیٹرینگ نیوز ڈسک رپورٹس کے مطابق امریکی حکام نے بتایا ہے کہ ایران کی طرف سے یمن کے حوثی باغیوں کو بھیجا گیا اسلحہ اور گولہ بارود سے لدا ایک بحری جہاز امریکی فوج نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی طرف سے یمن کے حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر ڈرون حملوں کی کوشش کے بعد امریکی حکام نے بتایا کہ بحیرہ عرب میں ایک کارروائی کے دوران حوثی ملیشیا کو ایران کی طرف سے بھیجا جانے والا اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ نے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی شدید مذمت کی تھی۔
انہوں نے ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے حملوں سے خطے کی سلامتی کو خطرہ ہے۔ یہ حملے فوری طور پربند کیے جانے چاہئیں۔
امریکی عہدیدار نے زور دیا کہ حوثیوں کو ایران کے ساتھ معاملات روکنا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حوثیوں کے حملوں سے بے گناہ شہریوں کی جانوں اور امریکیوں کی جان کو بھی خطرہ ہے۔
پومپیو کے بیان سے قبل سعودی عرب میں متعین امریکی سفیر جان ابی زید نے مشرق وسطی کے خطے میں امن کے فروغ کی اہمیت پر زور دینے اور خطے میں ایران کے تخریبی رویے کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات پر زور دیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ خطے میں ایران کی مداخلت کا سلسلہ روکنا ہوگا۔