چهارشنبه, نوومبر 20, 2024
Homeخبریںڈیرہ بگٹی میں قابض پاکستانی فوج کا عام آبادی پر میزائل تجربہ،...

ڈیرہ بگٹی میں قابض پاکستانی فوج کا عام آبادی پر میزائل تجربہ، کئی گھر تباہ، متعدد افراد زخمی

 

ڈیرہ بگٹی (ہمگام نیوز) آمدہ اطلاعات کے مطابق مقبوضہ بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں قابض پاکستانی فوج کا عام آبادی پر میزائل کا تجربہ۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے مٹ اور قریبی علاقے پیش بوگی میں پاکستانی فوج نے گزشتہ شب راتوں رات اپنی تمام چوکیاں ہٹا دی تھیں تاہم مٹ اور آس پاس کے علاقوں میں مقیم دیہاتوں کو کوئی اطلاع دئیے بغیر آج وہاں پر میزائل کا تجربہ کیا گیا۔

آج صبح سویرے ایک دھماکے کی آواز سنی گئی جس کی آواز اتنی شدید تھی کہ پیرکوہ سے لیکر سوئی اور پٹ فیڈر تک سنی گئی۔

جبکہ آج صبح پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ شاہین تری میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔

عسکری ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے علاقے راکھی سے اس میزائل کا تجربہ کیا گیا جو ڈیرہ بگٹی کے علاقے مٹ میں تنی کے مقام پہ آکر گرا۔

میزائل کے دھماکے کی شدت کے نتیجے میں مٹ اور آس پاس کے دیہاتوں میں کئی گھروں کی چھتیں منہدم ہوگئیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

مٹ سے عینی شاہدین کے مطابق تنی کے مقام پر یہ مزائل آکر گرا ہے جس کے بعد اس جگہ پر آگ بھڑک اٹھی جس کو بعد میں فوجی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے بجھا دیا گیا اور بعد میں دھماکے کی جگہ پر ملبے کو کنٹینرز پر لاد کر وہاں سے منتقل کردیا گیا۔

یاد رہے کہ آج صبح سے ڈیرہ بگٹی، سوئی اور پیرکوہ کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل طور پر بند رکھا گیا اور جو فوجی چوکیاں ہٹائی گئی تھیں انہیں دوبارہ اپنی اپنی جگہوں پر واپس تعینات کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آئی جی ایف سی بھی گزشتہ روز ہی ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی پہنچ کر تمام کاروائی کی خود نگرانی کرتے رہے۔

اس بات پر بھی نظر ثانی کی جائے کہ مقبوضہ بلوچستان ہمیشہ قابض پاکستانی فوج کے ظلم و بربریت کے نیچے دبا رہا ہے، کبھی بلوچستان میں عام آبادی پر ایٹم بم ٹیسٹ کیا جاتا ہے تو کبھی بلاسٹک میزائل، جس سے مقبوضہ بلوچستان کے بلوچ عوام ہمیشہ بری طرح سے متاثر ہوتے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز