شنبه, جنوري 11, 2025
Homeخبریںمنشیات اور گینگ وار کو فروغ دے کر بلوچ نسل کشی کی...

منشیات اور گینگ وار کو فروغ دے کر بلوچ نسل کشی کی جا رہی ہے۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی

کراچی(ہمگام نیوز)اطلاعات کے مطابق 4 جون بروزِ جمعہ کو بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی کی جانب سے ایک بحث و مباحثے کی نشست کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت بی وائی سی کراچی کے ڈپٹی آرگنائزر وہاب بلوچ نے کی اس نشست میں منشیات اور گینگ وار کے موضوع پر گفت و شنید کی گئی۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے اہتمام کردہ اس نشست میں کراچی کی گینگ وار اور منشیات جیسے لعنت پر بحث مباحثہ کیا گیا جس میں تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ گینگ وار اور منشیات دونوں بلوچ قوم کے مستقبل کے لیے ناسور ہیں جو ہمارے آنے والے نسلوں کو تباہ کرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔ لہزا ان سے جان چھڑانے کے لیے ہمیں ہر ممکن اقدام کرنی چاہیے اس بات پر تمام شرکاء نے اتفاق کیا۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی کے ترجمان نے بتایا کہ اس نشست میں ملک فیاض، عزیز آسکانی، حبیب حسن، ڈاکٹر اصغر دشتی، اورنگزیب بلوچ و دیگر شرکاء نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی تجاویز بھی پیش کیے۔

ترجمان نے بتایا کہ اس نشست کے نتیجے میں تمام ساتھیوں نے ایک مشترکہ رائے سے اتفاق رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا کہ 26 جون 2021 کو منشیات کے عالمی دن کی نسبت سے ملیر اور لیاری میں بلوچ ریلی برائے انسدادِ منشیات کے نام سے نکالی جائیں گی اور تمام غیور عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس ریلی کی کامیابی و کامرانی کے لیے اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔ اس کے علاوہ اس بات پر بھی اتفاق کی گئی کہ کراچی میں موجود بلوچ علاقوں اور ان میں موجود منشیات کے مسئلے پر یکجا ہوکر کام کریں گے۔

آخر میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی کے آرگنائزر آمنہ بلوچ نے کہا کہ انہوں نے اس نشست میں ملک فیاض سے گولیمار میں پانی کے مسئلے کے حوالے سے بھی بات کی ہے اور انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ وہ ان کی وہاں کے نمائندگان سے اس مسئلے کے حوالے سے رابطے کو ممکن بنانے میں اپنی بھرپور کوشش کریں گے اور بہت جلد بی وائی سی کراچی کی کیبنیٹ سمیت سماجی اعلی عہدیداروں کی ایک نشست بھی منعقد کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز