کوئٹہ (ہمگام نیوز )بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان گہرام بلوچ نے اپنے بیان میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عرفی نواب کا ہماری تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔نامعلوم مقام سے سیٹلائٹ فون کے ذریعے ترجمان نے کہا کہ ہمارے دوست تنظیم بلوچ ریپبلکن آرمی (بی آر اے) نے تحقیق کیے بغیر جو الزام لگایا ہے یہ دراصل انہی کا اپنا رکن ہے اور وہی اسکے ذمہ دار ہیں اور وہ خود ایسے معاملات کو ڈیل کریں۔ اس مسئلے میں مفروضوں پر مبنی قیاس آرائیاں کرکے بی ایل ایف کا نام لینا ایک نیک شگون نہیں ہے۔ لندن میں بیٹھے ایک سیاسی رہنما کی طرف سے عرفی نواب کو راشد پٹھان کی سربراہی میں قائم ڈیتھ اسکواڈ کا رکن کہنا خود انکی بد انتظامی کو ظاہر کرتا ہے کہ راشد پٹھان کا کارندہ کیسے انکی صفوں میں گھس آیا؟ وہ اپنی صفوں کو چیک کریں اور انکی تطہیر کریں۔ ہم تمام آزادی پسند تنظیموں کے سرکردہ رہنماؤں کو برادرانہ صلاح دیتے ہیں کہ وہ اپنی صفوں کی جانچ پڑتال کریں کیونکہ دشمن نے اپنی چالیں تیز کرتے ہوئے بلوچ آزادی پسند تنظیموں کی مختلف پرتوں میں اپنے بندوں کے ذریعے گھسنا شروع کردیا ہے، جن میں سے بعض پکڑے بھی جاچکے ہیں۔ مگر عرفی نواب بی آر اے کا اندرونی معاملہ ہے۔ لہٰذا ہم اپنے دوست تنظیموں سے اپیل کرتے ہیں کہ دوسروں کی طرف انگلی اٹھانے اور اپنے حساس معاملات کو میڈیا میں لانے کے بجائے اندرون خانہ خود حل کریں۔