کوئٹہ (ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کی بدنام زمانہ خونی شاہراہ (کوئٹہ ۔ کراچی) پر ایک حادثے میں 47 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ کراچی سے کوئٹہ جانے والی بس کے ساتھ اُس وقت پیش آیا جب وہ مخالف سمت سے آنے والے ٹرک کے ساتھ ٹکرا گئی۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ بس میں آگ لگ گئی اور بس میں سوار تمام مسافر بشمول بس کا عملہ جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق 47 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔ حادثے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے خدشہ ہے کہ جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ بھی سکتی ہے۔
کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ہر سال سینکڑوں افراد اپنی قیمتی جانیں گنوا دیتے ہیں تاہم مقبوضہ بلوچستان کی اسمبلی میں عوامی نمائیندوں کے نام پر بیٹھے قابض پاکستانی فوج کے گُماشتوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔
کوئٹہ کراچی سنگل ٹریک اور گاڑیوں کے رش کی وجہ سے موت کے کنویں کی شکل اختیار کرچُکی ہے۔ آئے دن خونی حادثات میں سینکڑوں مقبوضہ بلوچستان کے باسی اپنی جانیں گنوا رہے ہیں اسی طرح دیگر سینکڑوں افراد زخمی ہوکر عمر بھر کی معذوری اپنے نام کرتے ہیں۔


