کورنوال(ہمگام نیوز)مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق دنیا کے سات بڑے صنعتی ممالک کے مجموعے “جی سیون کے سربراہان نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے نہیں دینگے. انہوں نے کہا ہے کہ جوہری معاہدے سے متعلق بات چیت دوبارہ شروع کرنے ، تہران سے اپنی میزائل سرگرمیاں روک دینے کا مطالبہ کرنے اور تہران کی ایجنٹ بن کر لڑنے والی جنگجو فورسز اور غیر حکومتی مسلح فریقوں کے لیے ایران کی سپورٹ کی بھرپور مذمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
یہ موقف جی سیون کے سربراہ اجلاس کے اختتام پر سامنے آیا۔ یہ تین روز اجلاس برطانیہ کے شہر کورنوال میں ہوا۔
جی سیون سربراہان نے ایران میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی تہران سے مطالبہ کیا کہ وہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔
امریکا کے زیر قیادت جی سیون گروپ کے ممالک نے دنیا کو درپش بڑے چیلنجوں کے حوالے سے اپنی صفوں میں یک جہتی کا اظہار کیا۔ یہ چیلنج ماحولیاتی تبدیلی سے شروع ہو کر کرونا کی وبا سے گزرتے ہوئے عالمی معیشت کو تازہ دم کرنے تک سے متعلق ہیں۔


