سه شنبه, مارچ 17, 2026
Homeخبریںتربت میں شاہ دوست دشتی کے زیر صدارت دوکانداروں اور موبائل شاپس...

تربت میں شاہ دوست دشتی کے زیر صدارت دوکانداروں اور موبائل شاپس ایسوسی ایشن کا مشترکہ اجلاس:

تربت (ہمگام نیوز) آمدہ اطلاعات کے مطابق مقبوضہ بلوچستان کے شہر تربت کے دکانداروں اور موبائل شاپس ایسوسی ایشن کیچ کا مشترکہ اجلاس موبائل ایسوسی ایشن کےصدر شاہ دوست دشتی کی زیر صدارت منعقد ہوا.

زرائع کے مطابق اجلاس میں سیٹلائٹ ٹاؤن کے دکان دار بھی شامل تھے جن کے دکانوں کو انتظامیہ نے بلڈوز کرنے کی دھمکی دی ہے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں تاجر برادری نے انجمن تاجران کے موجودہ کابینہ کی کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے صدر کو نااہل اور ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئے روز شہر میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں ہورہی ہیں لیکن ان کے سدباب کے لیے انجمن تاجران کی موجودہ کابینہ کے پاس کوئی فرصت اور پلاننگ نہیں اس معاملے میں نا ان کی طرف سے ایک اخباری بیان جاری کیا گیا نا ہی انتظامیہ سے ملاقات کی گئی ہیں.

انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ ایسے واقعات پیش آئے تو اس کے خلاف شاہ دوست دشتی کی سربراہی میں دکان دار سخت مزاحمت کریں گے۔

تاجر برادری نے شہر کے اندر بلوں کی ادائیگی کے باوجود لوڈ شیڈنگ کو انجمن تاجران کی بدترین ناکامی کہتے ہوئے کہا کہ تمام تاجر سو فیصد بل جمع کررہے ہیں لیکن اس کے باوجود شہر میں دن کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے حالانکہ واپڈا نے کبھی ایسا نہیں کیا تھا مگر موجودہ صدر کی نااہلی کے سبب تاجر برادری کو لوڈ شیڈنگ کا عذاب سہنا پڑرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹریفک سسٹم بھی درست نہیں ہے شہر کے اندر مسافر گاڈیوں کے لیے مخصوص مقامات پر پارکنگ ایریا مختص ہونا چاہیے تاکہ وہ مسافروں کو ہر جگہ اور سڑکوں پر اتارنے اور اٹھانے کے بجائے پارکنگ ایریا میں پک اینڈ ڈراپ کریں۔

تاجروں نے کہا کہ سیٹلائیٹ ٹاؤن تربت میں دکان داروں کو پیشگی وارننگ کے بغیر دکانیں تجاوزات کے نام پر فوری خالی اور بلڈوز کرنے کا عمل کسی صورت قابل قبول نہیں لوگوں نے سالوں کا سرمایہ لگا کر دکانیں کھولی ہیں اب انتظامیہ بغیر وارننگ اور مہلت دیے ان کی دکانیں گرا رہی ہے جس کے خلاف احتجاج کی جائے گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ دوست دشتی نے تمام دکان داروں کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ بہت جلد انجمن تاجران کی جنرل باڈی کال کریں گے تاکہ وہاں اپنے تحفظات پیش کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ٹولے نے انجمن تاجران کو یرغمال بنایا ہے اس لیے انجمن تاجران کمزور اور غیر فعال ہے ہم الگ سے کوئی دھڑا نہیں بلکہ ہمارا اولین مقصد موجودہ انجمن تاجران کو فعال اور مضبوط بنا کر اسے استحصالی ٹولے کے چنگل سے نجات دلانا ہے اور بہت جلد تاجر برادری کی قوت سے اپنے مقصد میں کامیاب ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز