سه شنبه, مارچ 17, 2026
Homeخبریںپاکستانی دہشت گرد حافظ سعید کی رہائش گاہ کے قریب دھماکہ دو...

پاکستانی دہشت گرد حافظ سعید کی رہائش گاہ کے قریب دھماکہ دو افراد ہلاک 14 زخمی

لاہور (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق پنجاب کے شہر لاہور میں پاکستانی دہشت گرد کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی رہائش گاہ کے قریب ہونے والے دھماکے میں دو افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے ہیں۔

لاہور پولیس چیف غلام محمود ڈوگر نے دھماکے میں دو ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے دھماکہ جوہر ٹاؤن میں ہوا اور دھماکے کے مقام سے چند میٹر دور ہی حافظ سعید کی رہائش گاہ بھی ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں قریبی گھروں کو نقصان پہنچا اور متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔

دھماکے کے بعد فوج، رینجرز اور کاؤنٹرر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے جب کہ جائے وقوعہ پر حافظ سعید کے محافظ بھی موجود ہیں۔

انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس انعام غنی نے جائے وقوعہ پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں کیوں کہ دھماکے کے مقام کے قریب ہی پولیس کی چوکی تھی۔

حافظ سعید کی رہائش گاہ کو ممکنہ طور پر نشانہ بنانے کے سوال پر انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے بتایا کہ پولیس کی چوکی وجہ سے گاڑی ‘ہائی ویلیو’ ٹارگٹ کی رہائش گاہ تک نہیں پہنچ سکی۔ تاہم ابتدائی طور پر ایسا لگتا ہے کہ پولیس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو گزشتہ برس عدالت نے کالعدم تنظیم کے لیے فنڈز جمع کرنے اور غیر قانونی قبضوں کے الزامات کے تحت مجموعی طور پر ساڑھے دس برس قید کی سزا سنائی تھی۔

میڈیا زرائع کے مطابق حافظ سعید کو نامعلوم مقام پر نظر بند رکھا گیا ہے۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ وہ اپنی جوہر ٹاؤن کی رہائش گاہ پر موجود تھے یا نہیں۔

بھارت 2008 میں ممبئی میں ہونے والے حملوں کا ذمے دار حافظ سعید کو ٹھیراتا ہے اور پاکستان سے اُن کی حوالگی کا مطالبہ بھی کرتا رہا ہے۔

پولیس کے مطابق فوری طور پر دھماکے کی نوعیت کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے دھماکے کے مقام سے صحافیوں سمیت دیگر افراد کو پیچھے ہٹا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز