اوٹاوا(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر کے دوران سینکڑوں اموات کی ملنے والی اطلاعات میں سے زیادہ تر اموات گرمی کے باعث ہونے کا شبہ ہے۔ کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں ہی صرف گذشتہ پانچ روز کے دوران 486 اموات ہوئی ہیں جو کہ اس عرصے کے دوران معمول سے 195 فیصد زیادہ شرح ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ چند روز سے پورے شمالی امریکہ میں ریکارڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کی چیف کورونر لیزا لاپونٹے کا بدھ کو کہنا تھا کہ ’یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں میں اچانک اضافے کی خبروں کا تعلق ہمارے صوبے میں جاری گرمی کی شدید لہر سے ہے جو بہت سے علاقوں کو متاثر کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں زیادہ تر وہ تھے جو ایسے گھروں میں اکیلے رہتے تھے جو ہوا دار نہیں تھے۔
بدھ کی شام کو صوبے برٹش کولمبیا کے قصبے لٹن کو جنگل میں آگ لگنے کے بعد خالی کروا لیا گیا تھا۔ وینکور سے 155 میل شمال میں واقعے ایک چھوٹے سے قصبے لٹن میں منگل کے روز 49 اعشاریہ چھ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ یہاں کے میئر جان پولڈرمین نے سی بی سی نیوز کو بتایا کہ ‘تمام قصبے میں آگ لگی ہوئی تھی، پہلی چنگاری سے لے کر ہر طرف آگ پھیلنے تک میں صرف 15 منٹ لگے تھے۔
کہا جا رہا ہے کہ شمال مغربی امریکہ اور کینیڈا میں گرمی کی لہر کی وجہ آرکٹک خطے کی ہائی پریشر گرم ہوائیں ہیں۔ ساحلی علاقوں میں گرمی کی شدت میں قدرے کمی آئی ہے لیکن میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار ہے۔ برٹش کولمبیا کی پارلیمان کی عمارت کے باہر لوگ اپنے آپ کو فوارے کے پانی سے ٹھنڈک پہنچاتے ہوئے کینیڈا کے محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کا انتباہ جاری کیا ہے اور اب ہیٹ ویو کا یہ نظام مشرق کی جانب کینیڈا کے البرٹا اور سسکاچوان صوبے اور مانبٹوٹا کے علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔
برٹش کولمبیا کی رہائشی جینس ہوڈورتھ نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ گذشتہ چار روز سے گھر سے باہر نہیں نکلی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ’میں نے اپنی 70 سالہ زندگی میں اتنی گرمی پہلے نہیں دیکھی ہے۔ ہم نے تمام کھڑکیوں کو کالا کر دیا ہے، 24 گھنٹے پنکھے چل رہے ہیں، اہم پیروں کو ٹھنڈے پانی میں ڈال رہے ہیں، بار بار نہا رہے ہیں اور بہت سا پانی پی رہے ہیں۔
برٹش کولمبیا کے سربراہ جان ہارگن نے کہا ہے کہ صوبے کو تاریخ کے گرم ترین ہفتے کا سامنا ہے اور اس کے فیملیز اور کمیونٹیز کے لیے تباہ کن نتائج نکل رہے ہیں۔ جمعے تک وینکوور میں ہی صرف گرمی کی لہر کہ باعث 65 افراد کی ہلاکتیں ہوئیں ہیں۔


