سڈنی(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی شہر بریسبن کو 2032 کے اولمپک مقابلوں کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔ اس سے قبل آسٹریلوی شہر سڈنی نے سن 2000 کے اولمپکس کی میزبانی کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز بین الاقوامی اولمپک کمیٹی نے بریسبن کو گرمائی اولپمکس کی میزبانی سونپنے کا اعلان کیا۔ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے صدر تھوماس باخ نے کہا کہ 35ویں اولمپکس کی میزبانی بریسبن کو دی جا رہی ہے۔ باخ نے یہ اعلان ٹوکیو میں جاری اولمپکس میں مقابلوں کے موقع پر کیا ہے۔ ٹوکیو میں گرمائی اولمپکس ایک برس کی تاخیر کے بعد جمعے کے روز سے شروع ہو رہے ہیں۔
اولمپکس میزبانی کے لیے بریسبن شہر کا وفد
آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے ایک ویڈیو پیغام میں بریسبن کو اولمپکس کی میزبانی دیے جانے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آسٹریلیا کامیاب کھیل منعقد کروانے سے آگاہ ہے۔ اب بریسبن کے پاس اولمپک مقابلوں کی میزبانی کی تیاریاں مکمل کرنے کے لیے گیارہ سال ہیں۔


