خاران(ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق آج قابض پاکستانی فوج کے کور کمانڈر بلوچستان کے خاران آمد کے سلسلے میں گزشتہ شب بم ڈسپوزل سکواڈ اور انٹیلیجنس ادارے روڈ کلیئر کررہے تھے کہ اتنے میں سڑک کنارے نصب بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔
تفصیلات کے مطابق کور کمانڈر بلوچستان سرفراز علی سابق کورکمانڈر اور وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ کے نواسے کی وفات پر تعزیت کیلئے آج خاران کے علاقے کلی سراوان آئے تھے۔
اسی سلسلے میں گزشتہ رات 1 بجے کے قریب انٹیلیجنس اداروں اور بم ڈسپوزل سکواڈ راستے کو کلیئر کررہے تھے کہ اتنے میں نامعلوم افراد نے سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم سے فورسز کو نشانہ بنایا۔
علاقائی ذرائع کے مطابق اس حملے میں بم ڈسپوزل سکواڈ اور قابض اہلکاروں کو جانی نقصان ہوا ہے۔
تاہم قابض پاکستانی فوج کے کورکمانڈر سرفراز علی آج ہیلی کاپٹر پر خاران پہنچے جس کے ہمراہ دو اور ہیلی کاپٹر آئے تھے۔
خاران سمیت مقبوضہ بلوچستان میں قابض فورسز پر اس طرح کے حملوں کی ذمہ داری بلوچ آزادی پسند تنظیموں کی جانب سے قبول کیے جاتے ہیں تاہم مذکورہ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔