اسلام آباد( ہمگام نیوز) پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی چوہدری نثار اور برطانوی انسداد دہشت گردی کے چیف رچرڈ والٹن کے مابین ملاقات میں پاکستان نے برطانیہ کو دو ٹوک الفاظ میں بتا دیا کہ بلوچ علیحدگی پسندوں کو پاکستان کے حوالے کرو اور عمران فاروق کا قاتل لے لو، ذرائع کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں میں عمران فاروق کیس سے متعلق اہم پیش رفت کا امکان ہے۔اسلام آباد میں پاکستانی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے اہم برطانوی شخصیت نے ملاقات کی، برطانیہ کے انسداد دہشت گردی چیف نے چوہدری نثار سے دو گھنٹے سے زائد طویل ملاقات کی، ملاقات میں عمران فاروق قتل کیس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں عمران فاروق قتل سے متعلق ثبوتوں پر بھی بات چیت ہوئی۔ذرائع کے مطابق پاکستان میں موجود عمران فاروق قتل کیس کے اہم ترین ثبوت برطانیہ کے حوالے کرنے پر فیصلہ آٓئندہ 48گھنٹوں میں متوقع ہے، چوہدری نثار اور برطانوی انسداد دہشت گردی چیف کی ملاقات میں پاکستان نے صاف صاف بتا دیا کہ بلوچ علیحدگی پسند دو اور عمران فاروق کا قاتل لے لو، دوسری جانب برطانیہ اور پاکستان کا ملزمان کے تبادلے پر اصولی اتفاق بھی کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستانی موقف ہے کہ حیربیار مری اسے مطلوب ہے جو کہ اس وقت لندن میں مقیم ہے ۔