لندن (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ نے پناہ مانگنے والے ہزاروں افراد کو افریقی ملک روانڈا بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ یکم جنوری کے بعد غیر قانونی طور پر برطانیہ آنے والوں کو روانڈا بھیجا جائے گا، غیر قانونی طور پر آنے والوں کے اسائلم کا فیصلہ روانڈا میں کیا جائے گا۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے برطانوی فیصلے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، تنظیموں کا موقف ہے کہ روانڈا میں امن و امان کی صورتحال پہلے ہی خراب ہے۔
برطانیہ کی ہوم سیکریٹری پریتی پٹیل نے روانڈا کے دارلحکومت کیگالی کا دورہ کیا تاکہ اس معاہدے پر دستخط کیے جا سکیں جس کو دونوں ملکوں کی حکومتیں اقتصادی فروغ میں شراکت کا نام دے رہی ہیں۔
تارکین وطن طویل عرصے سے شمالی فرانس سے کشتیوں اور ٹرکوں کے ذریعے برطانیہ پہنچتے رہے ہیں اور اس راستے سے آنے والوں کی تعداد میں دو ہزار بیس میں کرونا وائرس کے سبب دیگر راستوں کی بندش کے بعد اضافہ ہوا ہے اور انسانی سمگلروں نے تارکین وطن کو برطانیہ پہنچانے کے لیے چھوٹی کشتیوں کا استعمال کیا ہے۔
روانڈا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان کے ملک میں تارکین وطن کو رکھنے کی صلاحیت ہے اور وہ برطانیہ کے تعاون سے تارکین وطن کو تعلیم دینے اور رہائش فراہم کرنے کے لیے نئے انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کریں گے۔