چاغی (ہمگام نیوز) مقبوضہ بلوچستان کے علاقے چاغی میں گذشتہ دنوں فورسز کی فائرنگ سے ڈرائیور کے قتل اور مظاہرین پر فائرنگ و تشدد کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر ایک بار پھر فورسز کی فائرنگ سے مزید آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
چاغی میں ڈرائیور حمید اللہ بلوچ و دیگر کے قتل کے خلاف شٹرڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق جہاں ایک طرف کاروباری مراکز بند ہیں وہیں مقامی افراد کی جانب سے احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی ہے جس کے شرکاء نے قابض سکیورٹی فورسز کے مظالم پر شدید نعرہ بازی اور حمیداللہ بلوچ و دیگر کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔
قابض فورسز نے آج ایک بار پھر مظاہرین پر فائرنگ کھول دی جس سے مزید آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
سوشل میڈیا میں گردش کرنے والے ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قابض فورسز مظاہرین پر فائرنگ کر رہے ہیں اور زخمیوں کو لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ہسپتال پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔