کوئٹہ( ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے سون کی رواں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے پشین کے مختلف علاقوں میں بچی سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ سرانان کے علاقے خدائیدازئی میں ڈیم ٹوٹنے سے قریبی علاقے زیرآب آگئے۔ پشین کے نواح میں واقع افغان مہاجر کیمپ سرخاب میں اونچے درجے کی سیلابی ریلوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی، سیلابی ریلے میں دو آفراد 35 سالہ نجیب اللہ ولد سردا محمد اور احمدشاہ ولد محمدحسین بہہ گئے ،جن کی نعشیں پشین کے قریب سرخاب کراس سے برآمد ہوئیں جبکہ کلی منزری میں ایک آٹھ سالہ بچی اندینہ کی نعش قریبی ندی سے نکال لی گئی، طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے پشین کے نشیبی علاقوں ملکیار، سرخاب، منزکی اور ڈب خانزئی سمیت برشور، توبہ کاکڑی اور بوستان کے ملحقہ علاقے زیرآب آنے سے درجنوں مکانات منہدم ہوگئے۔
زرعی اجناس سمیت کھڑی فصلیں، باغات، سولر سسٹم اور بجلی سے چلنے والی ٹیوب ویل شدید متاثر ہوگئے ہیں۔ خدائیدادزئی میں واقع ڈیم کا ایک حصہ ٹوٹنے سے ڈیم کے پانی کا ریلا قریبی علاقوں اور قریبی دیہات میں داخل ہوگیا ہے ، جس سے پورا نشیبی علاقہ زیر آب آگیا۔ لسبیلہ روڑی ندی اور مٹھی ندی میں طغیانی متعدد گاوں زیر آب آگئے ،کلمتی اسٹاپ سے قومی شاہراہ بلاک ہوگیا، لنڈا ندی میں سیلابی ریلہ متبادل راستہ دوسری مرتبہ بہہ گیا۔
لسبیلہ میں جگہ جگہ سے قومی شاہراہ بلاک ہے ۔ علاقائی ذرائع مطابق کلمتی گوٹھ ۔شیخ گوٹھ ۔خاصخیلی گوٹھ ۔گنگو گوٹھ زیر آب آگئے ۔ جبکہ سینکڑوں کے تعداد میں مال مویشی سیلابی ریلہ میں بہہ گئے ہیں ۔ زیر آب گوٹھوں کے مکین نقل مکانی کر رہے ہیں ۔ پنجگور میں بارشوں کے چوتھے اسپل نے تباہی مچادی کچے مکانات دیواریں زمین بوس رابطہ سڑکیں سیلابی پانی میں بہہ گئیں،پنجگور کے بیشتر دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع بجلی بند شہری ایک دوسرے علاقوں میں محصور ہوکر رہ گئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجگور میں دو روز سے جاری بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے۔سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوگیا کلگ تسپ خدابادان گرمکان وشبود میں درجنوں مکانات اور کچی دیوارین گرنے کی اطلاعات ہیں،پنجگور میں پیر سے جاری رہنے والی بارشوں سے ہر طرف پانی ہی پانی ہے دریا رخشان اور دیگر مضافاتی ندیوں میں زبردست طغیانی سے رابطہ سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں اور شہر میں بجلی کا نظام بھی درھم برھم ہوکر رہ گیا ہے ۔ پسنی دریں اثناء شادی کور ڈیم کے ایریا میں بارش ہونے کی وجہ سے پانی کا تازہ ریلہ ڈیم میں داخل،اسپل وے چلنے کی وجہ سے چینل دو روز کے لیے بند کردی گئی ہے۔
ایکسیئن ایری گیشن کے مطابق گزشتہ دو روز سے شادی کور ڈیم کے ایریا میں بارشیں ہورہی ہیں جس کی وجہ سے شادی کور ڈیم میں پانی کا تازہ ریلہ داخل ہورہا ہے اور اسپل وے بھی چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے تازہ ریلے کے باعث مین چینل کو بند کردیاگیا ہے اور دو دن تک چینل مزید بند رہے گا جس سے پانی کی سپلائی متاثر ہوسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پانی کے تازہ ریلے کے ساتھ کیچڑ اور درخت کی شاخیں بھی آجاتی ہیں اور باہر آنے کے لیے انھیں کسی راستے کی ضرورت ہوتی ہے اگر ایسے میں چینل کو کھولا جائے تو یہ کیچڑ اور درخت کی شاخیں مین چینل کے اندر آکر اسے مکمل طور پر چوک کردینگے جس مذید پریشانی ہوسکتی ہے اور اس مین چینل کو چوک ہونے سے بچانے کے لیے اسے دو دن کے لیے بند کردیاگیا۔


