چهارشنبه, مارچ 11, 2026
Homeخبریںموسمیاتی تبدیلیوں نے بلوچستان کیلئے 5 روزہ مجموعی بارش کو 50 فیصد...

موسمیاتی تبدیلیوں نے بلوچستان کیلئے 5 روزہ مجموعی بارش کو 50 فیصد تک بڑھا دیا ، عالمی ماہرین

اسلام آباد ( ہمگام نیوز) بین الاقوامی موسمیاتی ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں میں انسانی سرگرمیوں کا کردار خارج از امکان نہیں ہے ۔ ورلڈ ویدر آٹریبیوشن گروپ میں کلائمیٹ ماہرین کی بین الاقوامی ٹیم کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا کہ صنعتی دور کی انسانی سرگرمیوں نے عالمی حرارات کو 2۔1 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھایا ۔ رپورٹ کے مطابق موسمیاتی تغیر نے سندھ اور بلوچستان کی 5 روزہ مجموعی بارش کو 50 فیصد تک بڑھایا ، موجودہ موسمی حالات میں کسی بھی سال اس طرح کے واقعات ہونیکا ایک فیصد امکان تھا ، انسان کے پیدا کر دہ گرین ہاس گیسز کے اخراج کے بغیر ایسے واقعات کا امکان کم ہے ۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے 1400 افراد ہلاک اور 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے جبکہ ایک کروڑ 70 لاکھ گھر تباہ ہوئے اور بڑے پیمانے پر فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ شدید متاثرہ علاقوں میں حالیہ دہائیوں میں 75 فیصد تک زیادہ بارشیں ہوئیں ، سندھ اور بلوچستان میں ریکارڈ سطح کی بارشوں کی ممکنہ وجہ انسانی سرگرمیاں ہیں ، اس کا مطلب ہے موسمیاتی تغیر نے شدید بارشوں کے امکان کو بڑھا دیا ، تاریخی طور پر پاکستان میں مون سون بارشوں میں بڑے تغیرات ہیں ۔

موسمیاتی ماہرین نے بتایا کہ اس وجہ سے یہ نتیجہ اخذ کرنا ممکن نہیں کہ انسانی کی پیدا کر دہ حرارت نے 60 روزہ مجموعی بارش میں کتنا حصہ ڈالا ہے ، پاکستان میں وہی ہوا جس کا امکان سالوں سے موسمیاتی پیش گوئیوں میں ظاہر کیا جا رہا تھا ، یہ تاریخی ریکارڈ سے بھی مطابقت رکھتا ہیکہ جب سے انسان نے بڑے پیمانے پر زہریلے گیسز کا اخراج شروع کیا خطے میں شدید بارشوں میں ڈرامائی اضافہ ہوا ۔

عالمی ادارہ موسمیات کے مطابق دنیا میں موسم سے متعلق سانحات 50 سالوں کے دوران 5 گنا بڑھے ، موسمی سانحات میں اوسطا روزانہ 115 اموات ہوتی ہیں ۔
اسلام آباد میں موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی کے مرکز کے محقق فہد سعید کا اس حوالے سے موقف اختیار کیا کہ سیلاب نے ظاہر کیا کہ امیر ممالک کو فنڈز میں اضافہ کرنا چاہیے ، اس سے دوسروں کو موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ کرنے میں مدد مل سکے گی ۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز